سہ فریقی سیریز؛ فائنل سمیت 2 میچز کراچی منتقل
اگلے برس فروری میں پاکستان میں منعقد ہونے والی سہ فریقی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے فائنل سمیت دو میچز کراچی منتقل کردیے گئے ہیں۔
چیمپئنز ٹرافی سے قبل پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان 8 سے 14 فروری تک وارم اپ مقابلوں کی حیثیت کی حامل سیریز کا ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں انعقاد طے تھا۔
انتہائی باخبر ذرائع کے مطابق 12 فروری کو پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان ہونے والا سیریز کا تیسرا میچ کراچی کے نیشنل بنک اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ 14 فروری کو ہونے والے فائنل کی میزبانی بھی کراچی کو سونپ دی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: سہ فریقی سیریز؛ کیوی بورڈ کے وفد کا نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ
پروگرام کے تحت سیریز کا پہلا میچ 8 فروری کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اور دوسرا میچ 10 فروری کو نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے مجوزہ شیڈول میں افتتاحی تقریب کے ساتھ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان افتتاحی میچ بھی کراچی میں 19 فروری کو طے ہے۔
مزید پڑھیں: بھارت کیساتھ سہ فریقی سیریز؛ چیئرمین پی سی بی جواب دینے سے گریزاں
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیریز کے فائنل سمیت دو میچز کی کراچی منتقلی کے حوالے سے آئی سی سی سے منظوری حاصل کرلی گئی ہے جبکہ فریقین کو بھی اس ضمن میں اعتماد میں لیاگیا ہے۔
واضح رہے جمعرات کو نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے وفد نے کراچی کے نیشنل بنک اسٹیڈیم کا دورہ کیا تھا۔
مزید پڑھیں: شرائط مان لی گئیں،چیمپئنر ٹرافی ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہی ہوگی، پی سی بی کی تصدیق
پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل عثمان واہلہ نے وفد کو چیمپئنز ٹرافی اور ایونٹ کے حوالے سے اسٹیڈیم میں جاری تیاریوں سے آگاہ کیا ،وفد نے اسٹیڈیم کی سہولیات اور جاری تزئین و آرائش کا بغور جائزہ لیا اور اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کیا تاہم حتمی فیصلہ مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔