ناکام مارشل لا، جنوبی کوریا کے صدر کیخلاف مواخذے کی تحریک کامیاب، وزیراعظم قائم مقام صدر بن گئے

صدر کے مواخذے کے حق میں 204 اور مخالفت میں 85 ارکان نے ووٹ دیا، غیرملکی خبر ایجنسی


ویب ڈیسک December 14, 2024

جنوبی کوریا میں مارشل لا نافذ کرنے کی ناکام کوشش کرنے والے صدر یون سک یول کے خلاف اپوزیشن کی مواخذے کی تحریک پر ہونے والی دوسری ووٹنگ کامیاب ہوگئی، جس کے بعد وزیراعظم ہین ڈک سو قائم مقام صدر بن گئے ہیں، جنہیں یون سک یول نے وزیراعظم مقرر کیا تھا۔

خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق صدر یون سک یول مواخذے کی تحریک کامیاب ہونے کے باوجود صدر کے عہدے پر برقرار رہیں تاہم ان کی پانچ سالہ مدت تک اختیارات کم ہوجائیں گے۔

جنوبی کوریا کی آئینی عدالت یون سک یول کی برطرفی کے حوالے سے اگلے 6 ماہ میں فیصلہ کرے گی اور اگر عدالت نے انہیں برطرف کردیا تو ملک میں عام انتخابات ہوں گے۔

وزیراعظم نے قائم مقام صدر کی حیثیت سے کابینہ اجلاس کی صدارت کی—فوٹو: رائٹرز

وزیراعظم نے قائم مقام صدر کی حیثیت سے کابینہ اجلاس کی صدارت کی—فوٹو: رائٹرز

وزیراعظم اور قائم مقام صدر ہین ڈک سو نے یون سک یول کے مواخذے کے بعد ملک میں سیاسی استحکام یقینی بنانے کے لیے بھرپور کوششوں کاعزم دہرایا اور کہا کہ میں حکومت کو مضبوط کرنے کے لیے اپنی پوری کوشش کروں گا۔

واضح رہے کہ جنوبی کوریا میں مارشل لا لگانے کی کوشش ناکام ہونے کے بعد صدر یون سک یول کے خلاف پارلیمنٹ میں مواخذے کی تحریک ایک ہفتہ قبل پیش کی گئی تھی جو ناکام ہوگئی تھی۔

صدر کے خلاف مواخذے کی دوسری تحریک پر آج جنوبی کوریا کی پارلیمنٹ میں ووٹنگ ہوئی، مواخذے کے حق میں 204 جبکہ 85 نے مخالفت میں ووٹ ڈالا۔

جنوبی کوریا کی پارلیمنٹ نے دوسری مرتبہ ووٹنگ میں صدر کو برطرف کردیا—فوٹو: رائٹرز

جنوبی کوریا کی پارلیمنٹ نے دوسری مرتبہ ووٹنگ میں صدر کو برطرف کردیا—فوٹو: رائٹرز

صدر کے خلاف مواخذے کی تحریک کامیاب ہونے کے لیے 200 ووٹوں کی ضرورت ت، اپوزیشن پارٹیوں کو مواخذے کی تحریک کامیاب بنانے کے لیے 8حکومتی ارکان کی حمایت حاصل کرنا ضروری تھی۔

جنوبی کوریا کے صدر نے یون سک یول نے ملک میں مارشل لا لگانے کی کوشش کی تھی جس کے بعد ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے تھےاورپارلیمنٹ کثرت رائے سے مارشل لا کو مسترد کردیا تھا اور مظاہرین نے صدر سے استعفے کا مطالبہ کیا تھا۔

صدر یون سک یول نے مواخذے کی تحریک کامیاب ہونے کے بعد کہا کہ وہ اپنے خلاف مواخذے کی تحریک کا آخری وقت تک مقابلہ کریں گے۔

یون سک یول جنوبی کوریا کی کنزرویٹو پارٹی کے دوسرے صدر ہیں جن کے خلاف مواخذے کی تحریک کامیاب ہوئی ہے، اس سے قبل 2017 میں پارک گیون ہائی کو پارلیمنٹ نے مواخذے کی تحریک کے ذریعے برطرف کردیا تھا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں