لاہور پولیس کی کارروائی، زہریلی شراب کی فروخت میں ملوث 222 ملزمان گرفتار، ہزاروں لیٹر شراب ضبط
لاہور پولیس نے قیمتی انسانی زندگیوں کے لیے سنگین خطرہ بننے والی کچی اور زہریلی شراب کے گھناؤنے کاروبار میں ملوث 222 ملزمان کوگرفتار کرکے لاکھوں روپے مالیت کی ہزاروں لیٹر شراب ضبط کرلی۔
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے گھناؤنے جرم کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی کا حکم دیا جس کے بعد لاہور پولیس نے مشتبہ علاقوں میں چھاپے مار کر متعدد بھٹیاں تباہ کردیں اور بڑی مقدار میں زہریلی شراب ضبط کرلی۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ رواں سال اب تک 66 ہزار 505 لیٹر شراب برآمد کی جا چکی ہے، ملزمان کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں 3 ہزار 864 مقدمات درج کئے گئے، غیرقانونی شراب کے مکروہ دھندے میں ملوٹ 3 ہزار 966 افراد کو جیل بھجوایا گیا۔
فیصل کامران نے کہا کہ کچی شراب میں استعمال ہونے والے زہریلے کیمیکلز اکثر جان لیوا ثابت ہوتے ہیں، کرسمس اور سال نو پر غیر قانونی اور زہریلی شراب کی ترسیل میں اضافہ ہوتا ہے، غیر قانونی شراب کی ترسیل روکنے کے لیے اضافی ناکے اور چیک پوائنٹس لگائے گئے ہیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی مدد سے شراب کی ترسیل میں ملوث ریکارڈ یافتہ گروہوں کی نگرانی کی جا رہی ہے، شہریوں سے درخواست ہے کہ مشتبہ سرگرمی کی اطلاع دے کر ہماری مدد کریں، عوام کا تعاون ہی معاشرتی برائیوں کے خاتمے کا سب سے مؤثر ذریعہ ہے۔
لاہور اور کرائم کی کیٹیگریز میں (دونوں میں سب ہیڈ 2)