اے این ایف آپریشنز میں 8 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد
اے این ایف آپریشنز میں 8 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کرلی گئی۔
ترجمان کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس کا منشیات اسمگلنگ کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اس دوران 4 کارروائیوں میں خاتون سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرکے 8 کروڑ سے زائد مالیت کی 1184.2 کلو گرام منشیات برآمد کرلی گئی۔
ایک کارروائی بلوچستان میں قلعہ عبداللہ کے علاقے میں کی گئی، جہاں سے 1140 کلو گرام چرس برآمد کرلی گئی۔ دوسری جانب پھول نگر بائی پاس قصور کے قریب گاڑی میں چھپائی گئی 27.6 کلو گرام افیون اور 13.2 کلو گرام چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
اُدھر اسلام آباد میں ترنول پھاٹک کے قریب موٹرسائیکل سوار سے 2.4 کلو گرام چرس برآمد ہوئی۔ سنگجانی ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب خاتون کے قبضے سے ایک کلوگرام ہیروئن برآمد کرلی گئی۔
تمام کارروائیوں میں گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔