ایم ڈی واٹر کارپوریشن کا 84 انچ پانی کی لائن توڑنے پر ٹرانس کراچی کو خط، ساڑھے 3 کروڑ روپے کا مطالبہ

مرمتی کام کے ساڑھے 3 کروڑ واٹر بورڈ کو ادا کیے جائیں اور بی آر ٹی تعمیراتی ٹیم کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی جائے


اسٹاف رپورٹر December 14, 2024

ایم ڈی واٹر کارپوریشن کراچی نے یونیورسٹی روڈ پر 84 انچ کی لائن توڑنے کے معاملے پر 10 دن بعد ٹرانس کراچی کو خط لکھ کر لائن متاثر کرنے پر ساڑھے تین کروڑ روپے کی ادائیگی کا مطالبہ کر دیا۔

ایم ڈی واٹر کارپوریشن کراچی کی جانب سے ٹرانس کراچی کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ کراچی یونیورسٹی کے قریب پانی کی سپلائی لائن بی آر ٹی ریڈ لائن کے تعمیراتی کام کے دوران ٹوٹ گئی تھی جس سے شہر کی 70 فیصد آبادی کو پانی کی سپلائی معطل ہوئی اور پائپ لائن کے نقصان سے کراچی میں 250 ملین گیلن پانی کی یومیہ قلت، بحران کی شدت اختیار کرگئی۔

رپورٹ کے مطابق کنٹریکٹرز کی غفلت اور ناقص کوآرڈینیشن حادثے کا سبب بنی، بی آر ٹی کنٹریکٹرز کی غفلت کے باعث کراچی یونیورسٹی اور نرسنگ ایریا کے قریب ٹوٹنے والی پائپ لائن کی ہنگامی مرمت کی گئی جس کے باوجود رساؤ کا سامنا ہے۔

ٹرنس کراچی کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ پائپ لائن نقصان کے اخراجات میں پانی کی ترسیل بحالی اور مرمت پر 3.5 کروڑ روپے خرچ ہوئے، مرمتی کام کے 3 کروڑ 50 لاکھ روپے واٹر بورڈ کو ادا کیے جائیں اور بی آر ٹی تعمیراتی ٹیم کو آئندہ احتیاط برتنے کی ہدایت کی جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں