اسلام آباد پولیس نے 26 نومبر احتجاج میں بری ہونے والے 29 کارکنان کو عدالت کے باہر سے دوبارہ گرفتار کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق 26 نومبر احتجاج کیس میں گرفتار ملزمان کو شناختی پریڈ کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا جس پر جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے ملزمان کو مختلف مقدمات سے ڈسچارج کر دیا تھا۔
پولیس نے مقدمہ سے ڈسچارج ہونے والے متعدد مظاہرین کو جوڈیشل کمپلیکس کے باہر سے گرفتار کیا جس کے بعد پی ٹی آئی وکلا نے نے دیگر ڈسچارج ہونے والے کارکنان کو جوڈیشل کمپلیکس کے اندر ہی روک لیا۔
وکیل انصر کیانی ایڈوکیٹ نے بتایا کہ پی ٹی آئی ورکرز اور وکلاء جوڈیشل کمپلیکس میں موجود ہیں اور ہم انہیں پولیس سے بچانے کا لائحہ عمل بنارہے ہیں، عدالت میں دوبارہ گرفتاری کا معاملہ اٹھایا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت بھی جوڈیشل کمپلیکس انسداد دہشتگردی عدالت کی راہداری میں ایک سو کے قریب ڈسچارج ہونے والے مظاہرین بیٹھے ہیں، عدالت کو پولیس رویہ بارے آگاہ کر دیا ہے اب حکم نامہ کا انتظار ہے۔
ڈسچارج ہونے والے کارکنان کیخلاف تھانہ ،کھنہ، کوہسار ،اور آئی نائن میں مقدمات درج تھے۔
اس کے علاوہ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے آٹھ ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی پولیس استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔