ویڈیو: لقمہ اجل بنانے والے خونخوار جانوروں سے والہانہ محبت کرنے والا کراچی کا بے باک نوجوان
شہر قائد میں ایک نوجوان ایسا ہے جو خونخوار جانوروں سے محبت کرتا اور اُن کی دیکھ بھال کرتا ہے۔
کراچی کے ایک فارم ہاؤس میں احمر نامی نوجوان المعروف (مون) نے سمبا اور رومیو نامی دو شیر پالے ہوئے ہیں، دلچسپ بات یہ ہے کہ مالک اور شیر ایک دوسرے سے والہانہ محبت کرتے ہیں۔
احمر کے مطابق شیروں کی عمر چار سال سے کچھ زیادہ ہے اور یہ اعلیٰ نسل کے ہیں، یہ چند دن کے بچے لاکر انہیں پالا تھا جس کے بعد ان سے محبت ہوگئی۔
انہوں نے بتایا کہ جنگل میں رہنے والے شیر کی اوسط عمر 14 سال جبکہ پالے ہوئے کی عمر عموماً 20 سال تک ہوتی ہے۔
فارم ہاؤس میں لومڑی، بلیاں اور اعلیٰ نسل کے کتے بھی موجود ہیں، جن کے ساتھ احمر وقت گزارنا پسند کرتے ہیں۔
احمر کے مطابق انہیں بڑی بلیاں یعنی شیروں کے بارے میں جاننے کا تجسس بچپن سے ہی تھا۔ انہوں نے دلچسپ معلومات شیئر کی کہ یہ ضروری نہیں آپ شیر کو تسلیم کریں بلکہ جب تک شیر آپ کو اپنا فیملی ممبر نہیں سمجھ لے تب تک بات نہیں بنتی اور خطرہ رہتا ہے۔