پنجاب پولیس نے رحیم یار خان کچہ کریمنلز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 2 مغویوں کو بازیاب کروا کر اغوا کاروں کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رحیم یار خان پولیس نے کشمور سندھ کے سرحدی علاقے میں ڈاکوؤں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا اور کارروائی کے دوران بیکری کے مالک عثمان مقبول اور ہندؤ شہری بادشاہ جی کو بحفاظت بازیاب کروا لیا۔
ترجمان کے مطابق اغوا کار مغوی افراد کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کررہے تھے پولیس آپریشن کے نتیجے میں اغواکار مغوی افراد کو چھوڑ کر کچہ کی طرف فرار ہوئے جبکہ ڈاکوؤں نے مغوی شہریوں کو ہاتھ پاؤں باندھ کر رکھا ہوا تھا۔
ترجمان کے مطابق پولیس کو آپریشن کے دوران نائٹ ویژن گاگلز، بکتر بند گاڑیوں، ایلیٹ کمانڈوز سمیت بھاری ہتھیاروں کی مدد حاصل تھی اور اس کامیاب آپریشن میں اے ایس پی انعام اللہ، ڈی ایس پی بھونگ، سی آئی اے انچارجز، ایچ اوز بھونگ و ماچھکہ سمیت پولیس کی بھاری نفری نے حصہ لیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق دیگر اغوا کار ملزمان کی گرفتاری کے لیے رحیم یار خان پولیس کا کچہ ایریا میں سرچ آپریشن جاری ہے۔