ممکن ہے عمران خان کا ملٹری ٹرائل ہو،رانا ثناء کا عندیہ
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے عندیہ دیا کہ ممکن ہے بانی پی ٹی آئی عمران خان کا ملٹری ٹرائل ہو ، سیاسی ڈائیلاگ ہونے چاہئیں کیونکہ سیاسی مسائل کے حل کا ڈائیلاگ کے علاوہ کوئی طریقہ نہیں۔
رانا ثناء اللہ نے ایک انٹرویو میں بانی پی ٹی آئی پر شدید تنقید کرتے ہوئے دعوی کیا کہ ان کی تقاریر نے ملک میں معاشی افراتفری اور 9 مئی کے فسادات کو جنم دیا تھا ، فوجی عدالتیں 9 مئی کے واقعے سے متعلق ایک ہفتے میں فیصلہ سنائیں گی۔
رانا ثناء نے 9 مئی کے فسادات کے لئے بانی پی ٹی آئی کو جوابدہ ٹھہرانے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی اس توڑ پھوڑ کے مرتکب پائے گئے تو ان کے خلاف ملٹری ایکٹ کے تحت قانونی چارہ جوئی کی جائیگی۔
پی ٹی آئی کا دوسرا نام عمران خان ہے کیونکہ ان کی اجازت کے بغیر پی ٹی آئی میں کوئی کچھ نہیں کر سکتا،عمران خان اپنی رہائی کے علاوہ کسی قسم کی گفتگو بڑھانے کے موڈ میں نہیں۔
رانا ثناء نے مدارس رجسٹریشن بل کے معاملے پر کہا کہ مولانا فضل الرحمن جو بات کر رہے ہیں ان کی بات میں وزن ہے ، مدارس رجسٹریشن بل کا مسئلہ اتنا بڑا نہیں کچھ دنوں میں حل ہو جائیگا۔
علاوہ ازیں رانا ثناء نے پاکستان سپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام قائداعظم بین الصوبائی گیمز کا افتتاح کیا،رانا ثناء نے افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں کسی صورت انھیں انتشاریوں اور فسادیوں کے ہاتھوں یرغمال نہیں بننے دیں گے ۔