راولپنڈی:
مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے سابق چیئرمین صدیق الفاروق انتقال کر گئے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے سابق پریس سیکریٹری، ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن و متروکہ وقف املاک بورڈ کے سابق چیئرمین گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے۔
صدیق الفاروق طویل عرصے تک شعبہ صحافت سے وابستہ رہے، وہ سینئر صحافی اظہر ملک کے بڑے بھائی تھے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق ان کی نماز جنازہ کی ادائیگی کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے صدیق الفاروق کے انتقال پر گہرے رنج و افسوس کا اظہار، اہل خانہ سے تعزیت کی اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی۔
اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ مرحوم صدیق الفاروق کی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے لئے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، ان کے انتقال سے پارٹی ایک مخلص اور زیرک سیاستدان سے محروم ہو گئی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ عطاء فرمائے۔