چیٹ جی پی ٹی کی مالک کمپنی اوپن اے آئی نے Sora نامی اے آئی ویڈیو ٹیکنالوجی لانچ کی ہے، ایک ایسا اے آئی ویڈیو ٹول جو صارفین کو اعلی معیاری ویڈیوز تیار کرنے کے قابل بناتا ہے۔
سورا ٹربو صارفین کو 20 سیکنڈز تک چلنے والی ہائی ڈیفینیشن ویڈیوز بنانے کا بہت آسان اور تیز ترین تجربہ فراہم کرتا ہے۔
اوپن اے آئی نے اس حوالے سے آن لائن اعلان کیا جس میں ادارے نے کہا کہ ہم اپنی ویڈیو جنریٹنگ ٹیکنالوجی متعارف کروا رہے ہیں تاکہ عوام کو اس سے جُڑے امکانات کو تلاش کرنے اور اس کی تخلیقی صلاحیتوں کو استعمال کرنے کے قابل بنایا جاسکے۔
ادارے نے مزید کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ سورا کا یہ ابتدائی ورژن ہر جگہ لوگوں کو تخلیقی صلاحیتوں کی نئی شکلوں کو تلاش کرنے، اپنی کہانیاں بنانے کے ساتھ اس کی حدود کو آگے بڑھانے کی بھی اجازت دے گا۔
صارفین اس اے آئی ویڈیو ٹیکنالوجی کو موجودہ ڈیجیٹل معلومات کو شامل کرنے، تحریری متن سے نئے مواد کو تخلیق کرنے، اسے طویل کرنے اور ریمکس کیلئے استعمال کر سکتے ہیں۔
سورا میں موجود اسٹوری بورڈ ٹول صارفین کو تحریر، تصاویر یا ویڈیو شامل کرتے ہوئے ہر فریم کے نتائج کو کنٹرول کرنے کی بھی اجازت دیتا ہے اور دو کمیونٹی فیڈز نئے اور مسلسل اپ ڈیٹ مواد فراہم کرتے ہیں۔