بھارت میں ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک شخص کو پٹنہ میں اغوا کرکے گن پوائنٹ پر مقامی لڑکی سے زبردستی شادی کرادی گئی۔
اونیش کمار نے حال ہی میں ٹیچر بننے کے لیے بہار پبلک سروس کمیشن کا امتحان پاس کیا تھا۔ اپنے اسکول جاتے ہوئے جہاں وہ ملازم تھے، دو کاروں نے ان کے رکشے کا راستہ روک لیا۔
متعدد نامعلوم افراد گاڑیوں سے باہر نکلے اور اونیش پر بندوقیں تان لیں۔ انہیں اغوا کر لیا گیا، مارا پیٹا اور ایک لڑکی سے زبردستی شادی کر دی گئی جس کے ساتھ وہ مبینہ طور پر چار سال سے تعلق میں تھے۔
اگرچہ اونیش نے گُنجا نامی لڑکی کے ساتھ کسی بھی قسم کے تعلقات سے انکار کیا ہے لیکن دلہن نے کہا ہے کہ اونیش نے مجھ سے شادی کرنے اور فیملی شروع کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ ہم چار سال محبت کے رشتے میں تھے۔ لیکن جب میں نے اپنے گھر والوں کو اس کے بارے میں بتایا اور ہم نے اس سے شادی کے لیے رابطہ کیا تو اس نے انکار کر دیا۔ یہ ناقابل قبول تھا۔
یہ واقعہ 'پکڑوا ویواہ' کی ایک اور مثال ہے جس میں بہار میں غیر شادی شدہ مردوں کو ان کے سروں پر بندوق تان کر انہیں شادی کرنے پر مجبور کیا جاتا ہے۔
مقامی پولیس کے مطابق 30 سالوں کے مقابلے میں رواں سال 2024 میں زبردستی شادیوں کے کیسز سب سے زیادہ رپورٹ ہوئے ہیں۔