کراچی؛ ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کے تحت فوڈ اسٹریٹ کا افتتاح

فوڈ اسٹریٹ پرروایتی پاکستانی کھانوں کے ساتھ چینی،ٹرکش،میکسیکن اور دیگر غیر ملکی انواع و اقسام کے کھانے دستیاب ہیں


آفتاب خان December 15, 2024
فوٹو: ایکسپریس نیوز

کراچی:

ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی نےفیز 8 الذوالفقارکمرشل میں کریک واک(فوڈ اسٹریٹ )کی بنیاد رکھ دی،200 مختلف فوڈ کارٹس میں روایتی پاکستانی کھانوں کے ساتھ چینی،ٹرکش،میکسیکن اور دیگر غیر ملکی انواع و اقسام کے کھانے بھی دستیاب ہیں۔

کچھ عرصہ قبل ڈیفنس فیز 2 کی پرانی فوڈ اسٹریٹ کی تزئین و آرائش کے بعد اب ساحل سمندر کے قرب میں واقع فیز 8 کے الذوالفقار کمرشل ایریا میں ڈی جی ایچ اے انتظامیہ نے کریک واک کے نام سے ایک نئی فوڈ اسٹریٹ کی بنیاد رکھ دی،کریک واک میں داخل ہوتے ہی استقبالیہ پر رنگ برنگی قمقموں سے مزین دیدہ زیب فاونٹین کے دائیں، بائیں سبزہ زارحول  جاذب نظربنارہا ہے۔

شہریوں کی نشست وبرخاست کے لیےبینچزاوردیگرسہولیات موجود ہیں، شجرکاری سے اس تفریحی مقام کو کاربن فری زون میں تبدیل کیا گیا ہے، تزئین وآرائش کے بعد اب اس کو عام افراد کے لیے کھول دیا گیا ہے،جہاں لوگ اپنی فیملیزکے ساتھ ایک اچھے ماحول کھانوں سے لطف اندوزہونے کےعلاوہ یہاں وقت گزارسکتے ہیں۔

کریک واک میں سرد موسم کے باوجود مکینوں کی بڑی تعداد امڈ آیا،یہاں فوڈ کارٹس پر ملکی و غیرملکی لذیذ کھانوں کی طرف لوگ بے اختیار کھنچے چلے آئے،دونوں جانب موجود فوڈ کارٹس میں تیز آنچ پر بننے والے پاکستانی، ٹرکش،میکسیکن کھانوں کی اشتہا انگیز خوشبو فضاوں میں رچ بس گئی، انفرادی سطح پر فیملیز کے ساتھ اور آفس کولیگس کے ساتھ تفریح اور لذیذ ذائقوں سے لطف اندوز ہونے آئے شہریوں نےکریک واک کو پرفضا مقام قراردیا۔

ڈی ایچ اے کےمطابق کمرشل ایریا کو ایک کمفرٹ زون کی شکل دی گئی ہے،جہاں وہی ماحول رائج کرنے کی کوشش کی گئی ہے،جو  یورپ ،مشرق اورترکی سمیت دیگرممالک میں ہے،جہاں اپنے اہل خانہ کے ساتھ پرسکون وقت گزارنے کے لیے لوگوں کے پاس ایک گوشہ راحت ضرور ہوتا ہے جودن بھر کی تھکان کے بعد انھیں تروتازہ کردیتاہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ہمارے یہاں کمرشل ایریاز کو گاڑیوں کی رسائی کا علاقہ سمجھ لیا گیا ہے مگرڈیفنس فیز8میں اس بات کو ترجیح دی گئی ہے کہ یہاں کاروں سے زیادہ پیدل چلنے والے انسانوں کی زیادہ سے زیادہ آمد ہو،تاکہ وہ ذہنی و جسمانی آسودگی کے لیے اپنے اہلخانہ کے ہمراہ بہتر وقت  گزارسکیں۔

فوڈ اسٹریٹ کی دیگر خصوصیات میں ڈی ایچ اے ویجیلنس کی سکیورٹی، پبلک ٹوائلٹس، کچرے کوٹھکانے لگانے کا باقاعدہ انتظام یقینی بنایا گیا ہے۔

ڈی ایچ اے انتظامیہ کے مطابق ڈیفنس اورکلفٹن کے مزید کئی تجارتی علاقوں کوعوام کی بہترین تفریح کے لیے جدید طرز آرائش میں ڈھالا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں