ایف پی سی سی آئی کا شرح سود میں 5 فیصد کمی کا مطالبہ
فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے صدر عاطف اکرام شیخ نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ شرح سود میں 5 فیصد کمی کی جائے کیونکہ افراط زر کی شرح 5 فیصد سے بھی کم پر آگئی ہے۔
صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے بیان میں کہا کہ اسٹیٹ بینک مانیٹری پالیسی اجلاس میں شرح سود میں 500 بیسس پوائنٹس کمی کا اعلان کرے، ملک میں افراط زر کی شرح 5 فیصد سے بھی کم پر آگئی ہےجو 78ماہ کی کم ترین سطح ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی بڑھنے کی شرح میں نمایاں کمی کے بعد پالیسی ریٹ کوکم کر کے سنگل ڈیجٹ میں لایا جائے، جون 2024 کے بعد مسلسل چار اجلاس میں شرح سود میں 7 فیصد کمی خوش آئند ہے۔
عاطف اکرام شیخ کا کہنا تھا کہ زرمبادلہ کے ذخائر اور کرنٹ اکاونٹ سرپلس ہونے کے ساتھ ساتھ معاشی اشاریے مثبت ہیں، پالیسی ریٹ میں 500بیسس پوائنٹس کی کمی سے معاشی ترقی اور کاروباری سرگرمیاں بڑھیں گی، کاروباری سرگرمیوں میں اضافے سے برآمدات میں اضافہ ہوگا اور روپے کی قدر مستحکم ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی معاشی ٹیم کی بہترین پالیسیوں کے باعث معیشت بحران سے نکلنے میں کامیاب ہوئی، بزنس کمیونٹی معاشی بہتری کے لیے کیے گئے تمام حکومتی فیصلوں کی مکمل حمایت کرتی ہے۔