سابق وزیراعلیٰ کی آڈٹ رپورٹس کا جائزہ لیا جائے گا، پی اے سی کے پہلے اجلاس کا ایجنڈا جاری
خیبرپختونخوا(کے پی) اسمبلی نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کا اجلاس 23 دسمبر کو طلب کرلیا گیا ہے جو حالیہ عام انتخابات کے بعد موجودہ اسمبلی کا پہلا پی اے سی اجلاس ہوگا۔
خیبرپختونخوا اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس 23 دسمبر کو طلب کرلیا گیا اور اس کا ایجنڈا بھی جاری کردیا گیا ہے، کمیٹی سابق وزیراعلیٰ محمود خان کے دور حکومت کی آڈٹ رپورٹ کا جائزہ لے گی۔
پی اے سی کی 10 سے زائد نشستیں ہوں گی، اجلاس میں 19-2018 دور حکومت کی آڈٹ رپورٹس کا جائزہ لیا جائے گا، جو سابق وزیراعلی محمود خان کے دور کی رپورٹس ہیں۔
ایجنڈے کے مطابق پبلک اکاؤٹنس کمیٹی پہلی نشست میں محکمہ آبپاشی کے ڈاٹ پیرا 14، دوسری نشست میں لوکل گورنمنٹ کے آڈٹ پیرا 11، تیسری نشست میں سی اینڈ ڈبلیو کے آڈٹ پیرا 12، چوتھی نشست میں محکمہ زراعت کے آڈٹ پیرا 4، پانچویں نشست میں محکمہ اطلاعات معدنیات کے پیرا نمبر 3، چھٹی نشست میں محکمہ ٹرانسپورٹ کے آڈٹ پیرا 12 کا جائزہ لیا جائے گا۔
اسی طرح ساتویں اور آٹھویں نشست میں صحت کے آڈٹ پیرا 13 اور 14، نویں نشست میں ایکسائز، خزانہ، داخلہ کے آڈٹ پیرا بالترتیب 2 اور 9، دسویں نشست میں پی اینڈ ڈی کے آڈٹ پیرا 2 اور ماحولیات کے آڈٹ پیرا 7 کا جائزہ لیا جائے گا۔