’پشپا‘ سپر اسٹار الو ارجن کا جیل سے رہائی کے بعد جذباتی بیان

انہیں حیدرآباد کے تھیٹر "سندھیا" میں "پشپا 2" کی اسکریننگ کے دوران بھگدڑ کے واقعے میں گرفتار کیا گیا تھا

تلگو فلموں کے سپر اسٹار الو ارجن نے جیل سے رہائی کے بعد پہلی بار میڈیا سے گفتگو کی۔ 

انہیں حیدرآباد کے تھیٹر "سندھیا" میں "پشپا 2" کی اسکریننگ کے دوران بھگدڑ کے واقعے میں گرفتار کیا گیا تھا۔ یہ حادثہ 4 دسمبر کو پیش آیا، جس میں ایک خاتون جاں بحق اور ان کا بیٹا شدید زخمی ہو گیا تھا۔

الو ارجن نے جیل سے باہر آتے ہی کہا: "سب سے پہلے میں اپنے مداحوں اور سبھی کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مجھے بے پناہ محبت اور حمایت دی۔ میں قانون کا احترام کرتا ہوں اور مکمل تعاون کروں گا۔ متاثرہ خاندان کے لیے میری تعزیت ہے۔ یہ ایک بدقسمت واقعہ تھا، جو میرے قابو سے بالکل باہر تھا۔"

انہوں نے مزید کہا: "پچھلے 20 سالوں سے میں اپنی فلمیں دیکھنے جا رہا ہوں اور یہ پہلا ایسا حادثہ ہے۔ میں متاثرہ خاندان کی مدد کے لیے ہر ممکن کوشش کروں گا۔ ہم کھوئی ہوئی جان واپس نہیں لا سکتے، لیکن ان کے ساتھ کھڑا ہوں گا۔"

الو ارجن کے وکیل اشوک ریڈی نے ان کی گرفتاری کو "غیر قانونی" قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ عدالت کا حکم ملنے کے باوجود جیل حکام نے رہائی میں تاخیر کی۔

تلنگانہ ہائی کورٹ نے الو ارجن کو ضمانت دیتے ہوئے کہا کہ کسی کو صرف اداکار ہونے کی بنیاد پر طویل عرصے تک حراست میں نہیں رکھا جا سکتا۔

یہ واقعہ الو ارجن کے غیر متوقع تھیٹر وزٹ کی وجہ سے پیش آیا، جس کی پولیس اور انتظامیہ کو اطلاع نہیں دی گئی تھی۔ متاثرہ خاتون کے شوہر نے شکایت درج کرائی، جس پر الو ارجن، ان کی سیکیورٹی ٹیم، اور تھیٹر انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔

 

Load Next Story