چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے بحرین کے سرکاری دورے کے دوران اعلیٰ سول اور فوجی قیادت سے ملاقاتیں کیں۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف نے مملکتِ بحرین کے بادشاہ، حماد بن عیسیٰ الخلیفہ، اور ولی عہد و وزیراعظم، شہزادہ سلمان بن حماد الخلیفہ، سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں کے دوران دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے اور دونوں برادر ممالک کے تاریخی تعلقات کو مستحکم کرنے کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بحرین کے بادشاہ اور ولی عہد نے خطے میں میری ٹائم سیکیورٹی اور استحکام کے لیے پاک بحریہ کے کردار اور عزم کو سراہا۔
بعدازاں، چیف آف دی نیول اسٹاف نے بحرین ڈیفنس فورس کے کمانڈر ان چیف، فیلڈ مارشل شیخ خلیفہ بن احمد الخلیفہ اور دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور بشمول علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی اور دو طرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نیول چیف نے مشقوں، باہمی دوروں، اور تربیتی تبادلوں کے پروگراموں کے ذریعے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان تعاون کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔
چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے رائل بحرین نیول فورس کے جہاز منامہ اور رائل کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کا بھی دورہ کیا۔ رائل کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج میں خطاب کے دوران نیول چیف نے خطے میں موجودہ اور ابھرتی ہوئی سیکیورٹی صورت حال اور خطے پر مبنی میری ٹائم سیکیورٹی کے ڈھانچے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔
نیول چیف کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان عمومی طور پر اور بحری افواج کے درمیان خصوصی طور پر دفاعی تعلقات کو مزید فروغ اور وسعت دے گا۔