سندھ کی گورنرشپ خیرات میں نہیں بلکہ مینڈیٹ سے ملی ہے جو ایم کیو ایم کا حق ہے، خالد مقبول صدیقی
وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ کراچی پاکستان کی ترقی کی بنیاد رہا ہے اور آئندہ بھی رہے گا کراچی اس تاثر کی نفی کرتا ہے کہ کتابوں سے تعلق ختم ہورہا ہے شہریوں کی بڑے پیمانے پر کراچی انٹرنیشل بک فیئر میں شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ کتابوں سے عشق کی آخری صدی نہیں ہوگی۔
کراچی ایکسپو سینٹر میں جاری کتب میلے کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کراچی ادب و ثقافت، تہذیب اور ترقی، معیشت اور معاشرت کا مرکز ہے دنیا دیکھ رہی ہے کہ اہلیان کراچی کتابوں کے عشق میں مبتلا ہیں نمائش کے بھرپور انعقاد اور شہریوں کی بڑے پیمانے پر شرکت پر منتظمین اور کراچی کے شہریوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ کراچی اسلام آباد نہ بنے کم از کم اسلام آباد کا عکس ہی بن جائے۔ گورنر سندھ کی تبدیلی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ گورنر ایم کیو ایم کے ہیں یہ گورنر شپ خیرات میں نہیں ملی یہ ایم کیو ایم کا حق ہے گورنر سندھ ہر میدان میں کام کررہے ہیں اب جو گورنر آیا پھنس جائے گا۔
حکومت کی تبدیلی کی افواہوں کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ہماری تاریخ ہمیں اس تبدیلی پر اکساتی ہے کیونکہ حکومتیں دو تین سال چل کر ختم ہوجاتی ہیں اس لیے لوگ سوچنے پر مجبور ہوتے ہیں تاہم اگر معاشی اشارے اور کارکردگی بہتر ہے تو حکومت کو جاری رہنا چاہیے۔