الو ارجن کو جیل میں کیا سہولیات دی گئیں؟ تفصیلات سامنے آگئیں
ساؤتھ انڈین تیلگو فلموں کے سپر اسٹار الو ارجن کو حالیہ گرفتاری کے بعد جیل میں خصوصی قیدی کے طور پر رکھا گیا۔ جیل حکام کے مطابق، اداکار نے رات کے کھانے میں چاول اور سبزی کری کھائی اور مکمل طور پر نارمل دکھائی دیے۔
الو ارجن کو 13 دسمبر کو حیدرآباد میں واقع ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ ان کی فلم "پشپا 2: دی رول" کی 4 دسمبر کو سندھیا تھیٹر حیدرآباد میں افتتاحی نمائش کے دوران بھگدڑ مچنے سے ایک خاتون کی موت کے واقعے کے بعد، اس کیس میں انہیں شامل کرکے گرفتار کیا گیا۔ تاہم بعد میں انہیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔
ریاست تلنگانہ کے جیل حکام نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ الو ارجن نے جیل میں کسی خصوصی سلوک کی درخواست نہیں کی۔ عدالتی حکم کے تحت انہیں خصوصی قیدی کا درجہ دیا گیا، اور وہ مکمل طور پر پُرسکون اور نارمل رہے۔
الو ارجن کے مداح ان کی گرفتاری کے بعد شدید غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں، جب کہ مخالفین کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ سیکیورٹی کے ناقص انتظامات کا نتیجہ ہے۔