حکومت اور پی ٹی آئی مذاکرات سے نکلنا کچھ نہیں، شیخ رشید
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے مذاکرات کے حوالے سے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے حکومت سے مذاکرات کے لیے ایک کمیٹی بنائی ہے لیکن ان مذاکرات سے نکلنا کچھ نہیں ہے۔
راولپنڈی میں انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اچھی بات ہے کہ پی ٹی آئی نے حکومت سے مذاکرات کے لیے ایک کمیٹی بنائی ہے لیکن ان مذاکرات سے نکلنا کچھ نہیں ہے کیونکہ قبر ایک اور بندے دو ہیں، ایک نے اندر جانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات بہت اچھی چیز ہے، دنیا میں جنگ کے بعد بھی مذاکرات ہوتے ہیں، اگر مذاکرات سے کچھ نہ نکلا تو پھر جوڈو کراٹے اور بنکاک کے شعلے ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ 26 تاریخ ایک خوفناک، دہشت ناک، ظلم و ستم کا دن تھا، اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے لمبی ملاقات ہوئی، باہر آکر میں نے کہا کہ بات چیت کو مختصر ہی رکھوں تو بہتر ہے، سابق وزیر اعظم نے مجھ سے کہا کہ میں اور آپ ایک ہیں، ہمارا ایک اور ایک دو نہیں 11 ہوتا ہے، ہمارا 11 نمبر بہتری کا نمبر ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہتری کے حالات نکلنے چاہییں، حالات سیاسی طور پر عدم استحکام کا شکار ہیں، پہلے ہی کہا تھا کہ 30 دسمبر تک عدم استحکام ہو گا، خونی 26نومبر گزری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں ابھی دورہ سعودی عرب سے آیا ہوں، ملنے والا ہر بندہ کہتا ہے کہ خدا پاکستان کو محفوظ رکھے۔
شیخ رشید نے کہا کہ میں مذاکرات کا حامی تھا اور حامی ہوں، میرا صرف ایک آدمی سے تعلق ہے اور وہ بانی پی ٹی آئی ہے، میں باقی کسی کو نہیں جانتا۔