کیلاش وادی میں مذہبی تہوار چاؤموس کی بہاریں، سیاحوں کی آمد جاری

چاؤموس تہوار موسم سرما کےلیے خوشی اور امن کی علامت کے طور پر منایا جاتا ہے


ویب ڈیسک December 16, 2024

کیلاش قبیلے کا مذہبی تہوار چترموس (چاؤموس) چترال کی کیلاش وادی میں اپنی تمام تر رنگینی اور رعنائیوں کے ساتھ جاری ہے، جسے دیکھنے کےلیے دنیا بھر سے سیاحوں کی آمد جاری ہے۔

چاؤموس تہوار موسم سرما کےلیے خوشی اور امن کی علامت کے طور پر منایا جاتا ہے۔ یہ تہوار کیلاش کی تینوں وادیوں رمبور، بریر اور بمبوریت میں منایا جارہا ہے۔ اس تہوار کی انفرادیت اور دلکشی دنیا بھر کے سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرتی ہے۔

کیلاش قبیلے کے تاریخی اور ثقافتی چاؤموس تہوار میں بون فائر کا تہوار بھی منایا گیا۔ اس فیسٹیول میں بچے اور بچیوں نے اپنی چھوٹی چھوٹی پتیاں اٹھائے گانے گاتے ہوئے مختلف رسمیں ادا کیں۔ آپس میں پیار و محبت بانٹنے، امن کا پیغام دینے اور اتحاد کےلیے پھل، سبزیاں اور خشک میوہ جات تقسیم کیے گئے۔

فیسٹیول میں شیشائو، منڈاہیک اور شارا بیرایک سمیت مختلف رسومات ادا کی گئیں۔ شارا بیرایک کی رسم میں گندم سے بکری، مارخور، دنبے اور مختلف جانوروں کے مجسمے تیار کیے گئے ہیں۔

فیسٹیول میں دلچسپی رکھنے والے سیاحوں کو سہولتیں فراہم کرنے کےلیے حکومتی سطح پر اقدامات کیے گئے ہیں اور ٹورازم پولیس کے جوان فیسٹیول کے دوران سیاحوں کو ہر قسم کی سہولیات فراہم کررہے ہیں۔

ڈی جی ٹورازم تاشفین حیدر نے بتایا کہ ٹورازم پولیس لواری ٹنل اور کیلاش کو جانے والے راستوں پر ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔ سیاح جانے سے قبل ٹورازم ہیلپ لائن 1422 سے ہر قسم کی معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں