ڈیجیٹل پاکستان کا بل قومی اسمبلی میں آج پیش کیا جائے گا

نیشنل ڈیجیٹل کمیشن قائم کرکے ڈیجیٹل اتھارٹی بنائی جائیگی،وزیراعظم کمیشن کے سربراہ اور چاروں وزرائے اعلیٰ ارکان ہونگے


ویب ڈیسک December 16, 2024

اسلام آباد:

حکومت آج قومی اسمبلی میں ڈیجیٹل پاکستان بل پیش کرے گی، منظوری کے بعد نیشنل ڈیجیٹل کمیشن قائم کرکے ڈیجیٹل اتھارٹی بنائی جائے گی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق یہ بل آج وزیر مملکت برائے آئی ٹی شیزا فاطمہ پیش کریں گی۔

آئی ٹی حکام کے مطابق ڈیجیٹل پاکستان بل کا مقصد لینڈ ریکارڈ، ہیلتھ کارڈ، پیدائش سرٹیفکیٹ اور شناختی کارڈ سمیت دیگر ریکارڈز کو ایک سسٹم کے ساتھ لنک کرنا ہے جس کے لیے ملک بھر کے تمام سرکاری اداروں سے ڈیٹا ایک پلیٹ فارم پر لایا جائے گا، بل کے بعد کسی بھی شخص کی آئی ڈی، اس کے اثاثے اور موجودہ زندگی کا ڈیٹا ایک جگہ موجود ہوگا۔

اس بل کے تحت نیشنل ڈیجیٹل کمیشن قائم کرکے ڈیجیٹل اتھارٹی بنائی جائے گی، کمیشن کے سربراہ وزیراعظم ہوں گے جب کہ ارکان میں چاروں وزرائے اعلیِٰ، متعلقہ وزرا، اسٹیٹ بینک، ایف بی آر، پی ٹی اے و نادرا کے سربراہان شامل ہوں گے۔

نیشنل براڈ بینڈ نیٹ ورک فورم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت نے تصدیق کی کہ بل آج اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، وزیر اعظم نے اپنی سربراہی میں نیشنل ڈیجیٹل کمیشن بنایا ہے جو 5 سال کا لائحہ عمل پیش کرے گا، بل جلد منظور ہونے کی امید ہے، بل کی منظوری کے بعد نیشنل ڈیجیٹل کمیشن کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے اپوزیشن ڈیجیٹل پاکستان بل پر ساتھ دے گی، نیشنل ڈیجیٹل کمیشن کے ماتحت ڈیجیٹل اتھارٹی بنائی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں