مستقبل کی عالمی معاشی ترقی مشرقی ممالک پر منحصر کرے گی، صدر مملکت

بلیو اکانومی تعاون پر تیسرے چین بحرِ ہند علاقائی فورم سے صدر مملکت کا ویڈیو خطاب


ویب ڈیسک December 16, 2024

اسلام آباد:

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ دنیا کی بڑی آبادی چین اور ہمارے خطے کے دیگر ممالک میں رہتی ہے اس لیے مستقبل کی عالمی معاشی ترقی مشرقی ممالک پر منحصر کرے گی۔

بلیو اکانومی تعاون پر تیسرے چین بحرِ ہند علاقائی فورم سے ویڈیو خطاب کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان بحرِ ہند کے علاقے میں سمندری تعاون کے فروغ کے لیے پرعزم ہے، سمندر سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ ماحولیاتی تبدیلی، آلودگی اور ماحولیاتی نظام کی تنزلی جیسے مسائل کو حل کرنا ہوگا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان بحری شعبے میں تعاون کے فروغ کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ شراکت کا خواہاں ہے، پاکستان چاہتا ہے کہ ہمارا خطہ امن، ترقی اور پائیداری کا گڑھ بنا رہے۔

صدر مملکت نے ویڈیو پیغام میں بحر ہند میں امن، ترقی اور پائیداری کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت گوادر پورٹ کو ترقی دی جا رہی ہے اور گوادر پورٹ کو علاقائی روابط کے مرکز میں بدلا جارہا ہے، گوادر بندرگاہ سے تجارت اور سمندری اقتصادی ترقی کو فروغ حاصل ہوگا۔

صدر مملکت نے پاکستان کی بلیو اکانومی کی ترقی کے لیے پاکستان کی کوششوں کو بھی اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے نیشنل میری ٹائم پالیسی متعارف کرائی جبکہ پائیدار ماہی گیری اور سمندری تحفظ کے لیے اقدامات کیے گئے، لیونگ انڈس پروجیکٹ جیسے منصوبوں کا مقصد ماحولیاتی نظام کا تحفظ اور آلودگی کا مقابلہ کرنا ہے۔

صدر مملکت نے فورم کے اہداف میں پائیدار ترقی پر توجہ دینے پر چین کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ فورم کے ایجنڈے میں استعدادِ کار میں اضافہ اور جزائر کی شمولیت خوش آئند ہے۔ صدر مملکت نے سمندری وسائل کے تحفظ اور بلیو اکانومی کے فروغ کے لیے خطے میں اجتماعی کوششوں پر زور دیا۔

فورم کا انعقاد چین کی عالمی ترقیاتی تعاون ایجنسی نے چین کے شہر کُن مِنگ میں کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں