وزیر مملکت آئی ٹی کا ملک میں انٹرنیٹ کی سست رفتار کا اعتراف

ملک میں انٹرنیٹ کی رفتار کم ہے، فائبر آئزیشن پالیسی اور فائیو جی سے انٹرنیٹ کی صورتحال میں بہتری آئے گی، شیزا فاطمہ


ویب ڈیسک December 16, 2024

اسلام آباد:

وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شیزا فاطمہ نے ملک میں انٹرنیٹ کی سست رفتار کا اعتراف کرلیا۔

اسلام آباد میں نیشنل براڈ بینڈ نیٹ ورک فورم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ ملک میں انٹرنیٹ کی رفتار کم ہے، فائبر آئزیشن پالیسی اور فائیو جی سے انٹرنیٹ کی صورتحال میں بہتری آئے گی۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی اپریل میں ہوگی، فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی اور فور جی کو بہتر کیا جائے گا، پاکستان میں سائبر سیکیورٹی کے چیلنجز درپیش ہیں، روزانہ کی بنیاد پر سائبر سکیورٹی کے حملے ہوتے ہیں، سائبر سکیورٹی اور ڈیٹا پروٹیکشن کی ذمے داری بھی ہماری ہے ہم اس پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنی سربراہی میں نیشنل ڈیجیٹل کمیشن بنایا ہے جو 5 سال کا لائحہ عمل پیش کرے گا، ڈیجیٹل پاکستان کا بل آج قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، بل جلد منظور ہونے کی امید ہے، بل کی منظوری کے بعد نیشنل ڈیجیٹل کمیشن کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کمیشن کے سربراہ وزیراعظم ہوں گے، امید ہے اپوزیشن ڈیجیٹل پاکستان بل پر ساتھ دے گی، نیشنل ڈیجیٹل کمیشن کے ماتحت ڈیجیٹل اتھارٹی بنائی جائے گی، آنے والے برسوں میں پاکستان میں انٹرنیٹ کی رفتار بہتر ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں