پاکستان میں مقیم بھارتی خاتون 22 سال بعد واپس وطن لوٹ گئی
پاکستان میں مقیم بھارتی خاتون حمیدہ بانو 22 سال بعد وطن واپس لوٹ گئی، انہیں واہگہ بارڈر کے راستے بھیجا گیا۔
بھارتی شہر ممبئی سے تعلق رکھنے والی حمیدہ بانو سن 2002 میں پاکستان کے شہر حیدرآباد پہنچی تھیں۔ حمیدہ بانو کو ایجنٹ نے دبئی میں ملازمت کا جھانسہ دیکر حیدر آباد پہنچا دیا تھا۔
حمیدہ بانو کے مطابق وہ کئی ماہ تک حیدر آباد میں بے یارومددگار رہیں، کچھ عرصہ بعد انہوں نے کراچی کے رہائشی ایک شخص سے شادی کی جس کی کوویڈ 19 کے دوران موت ہوگئی۔ وہ اب اپنے سوتیلے بیٹے کے ساتھ رہائش پذیر تھیں۔
سال 2022 میں مقامی یوٹیوبر نے حمیدہ بانو کی ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ ان کا تعلق ممبئی انڈیا سے ہے اور انہیں نوکری کا جھانسہ دیکر ایجنٹ نے دبئی کے بجائے پاکستان پہنچا دیا تھا۔
سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر ہونے کے بعد حمیدہ بانو کے خاندان کا سراغ ملا اور ممبئی میں مقیم ان کی بیٹی سامنے آئیں۔
سال 2022 میں یہ معاملہ حکومت کے نوٹس میں آیا تو حمیدہ بانو کی شہریت کی تصدیق کے لیے بھارتی حکام سے رابطہ شروع ہوا، بھارت کی طرف سے حمیدہ بانو کی شہریت کی تصدیق کے بعد آج انہیں واہگہ بارڈر کے راستے انڈیا بھیج دیا گیا۔
حمیدہ بانو کے مطابق وہ بھارت واپسی سے مایوس ہو چکی تھیں لیکن آج وہ خوش ہیں کہ واپس اپنے خاندان کے پاس جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں شروع کے کچھ سال انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا لیکن پاکستانیوں نے جس محبت کا سلوک کیا وہ ہمیشہ یاد رہے گا۔ پاکستان بھی اب تو ان کا گھر ہے۔