26 نومبر احتجاج: پی ٹی آئی کے 57 ملزمان کی ایک بار پھر رہائی کا حکم

پرسوں کی طرح ملزمان کو دوبارہ گرفتار نہ کیا جائے، جج،ملزمان کو پرسوں رہا کردیا گیا مگر پولیس نے دوبارہ گرفتا کرلیا تھا

اسلام آباد: انسداد دہشت گردی عدالت نے 26 نومبر کے احتجاج کے تناظر میں گرفتار کیے گئے پی ٹی آئی کے 57 ملزمان کو مقدمے سے خارج کرکے ایک بار پھر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق 26 نومبر کے احتجاج کے تناظر میں گرفتار پی ٹی آئی کے ملزمان انسداد دہشت گردی میں عدالت پیش ہوئے جہاں جج طاہر عباس سپرا نے ان کی رہائی کا حکم جاری کیا۔

عدالت نے ملزمان کو دوبارہ گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ  ہتھکڑی کھول کر ملزمان کو احاطہ عدالت سے رہا کیا جائے۔

جج نے سختی کے ساتھ پولیس کو حکم دیا کہ اگر ملزمان دوبارہ گرفتار ہوئے تو تب تک نہیں جاؤں گا جب تک انہیں یہاں دوبارہ پیش نہ کیا جائے گا، پرسوں کی طرح ملزمان کو دوبارہ گرفتار نہیں کرنا۔

واضح رہے کہ عدالت نے ان ملزمان کو دو روز قبل بھی رہا کیا تھا تاہم عدالت سے نکلتے ہی پولیس نے ان سب کو دوبارہ گرفتار کرلیا تھا۔

عدالتی حکم کے باوجود پولیس کی جانب سے 57 ملزمان کو ابھی تک نہیں چھوڑا گیا جس پر وکلا کمرہ عدالت پہنچ گئے۔

وکلا کی شکایت پر جج طاہر عباس سپرا کمرہ عدالت سے باہر جوڈیشل کمپلیکس کے اندر کے دروازے پر آگئے اور متعلقہ پولیس اہلکاروں کو بلا لیا۔

جج نے دوبارہ ہدایت دی کہ پرسوں والا کام نہیں ہونا چاہیے ملزمان کو فوری رہا کیا جائے۔

بعد ازاں پی ٹی آئی کے 57 گرفتار ورکرز کو رہا کر دیا گیا۔ تمام پی ٹی آئی ورکرز جوڈیشل کمپلیکس سے نکل کر اپنے اپنے گھروں کو روانہ ہوگئے۔

Load Next Story