اسلام آباد:
انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 26 نومبر احتجاج کے کیس میں گرفتار تحریک انصاف کے 102 کارکنان کو مقدمے سے ڈسچارج کرتے ہوئے پولیس کو دوبارہ گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پی ٹی آئی کے 57 گرفتار ورکرز کو رہا کیا جو جوڈیشل کمپلیکس سے اپنے گھروں کو روانہ ہوگئے۔
اس کے علاوہ تھانہ کراچی کمپنی پولیس نے دو مقدمات میں گرفتار 95 ملزمان کو جج طاہر عباس سپرا کے روبرو پیش کیا، جس میں عدالت نے 9 ملزمان کو ڈسچارج جبکہ تین کا دو روزہ ریمانڈ منظور کیا۔
تھانہ کراچی کمپنی میں درج ایک اور کیس میں عدالت نے 8 ملزمان کو ڈسچارج کیا جبکہ 4 کم عمر سمیت 75 ملزمان کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر کے انہیں پولیس کے حوالے کردیا۔
ملزمان کے وکیل انصر کیانی نے عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ ریمانڈ پر بھیجے گئے 4 ملزمان کم عمر ہیں انکو بھی ڈسچارج کیا جائے، عدالت نے کم عمر بچوں کے حوالے سے پولیس سے فوری تفصیلات طلب کر لیں۔
جج نے پولیس کو ہدایت کی کہ 75 ملزمان میں شامل بچوں سے متعلق تفصیلات فوری فراہم کی جائیں۔ اس کے علاوہ تھانہ کوہسار پولیس کی جانب سے 33 ملزمان کو عدالت پیش کیا گیا۔
انسداد دہشتگردی عدالت نے 24 ملزمان کو مقدمے سے ڈسچارج کردیا جس پر جج نے ملزمان کی ہتھکڑیاں کمرہ عدالت میں کھلوائیں اور انہیں دوبارہ گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے شریک 9 ملزمان کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ ملزمان کے وکیل انصر کیانی نے عدالت کو بتایا کہ پولیس کی جانب سے ملزمان کو دوبارہ گرفتار کئے جانے کی اطلاعات ہیں۔ اس پر جج نے پولیس کو سختی سے ہدایت کی کہ کسی بھی ڈسچارج ملزم کو دوبارہ گرفتار نہ کیا جائے۔