کاٹی نے شرح سود میں 2 فیصد کمی کو ناکافی قرار دیدیا

معیشت میں آنے والی بہتری کیلیے پالیسی ریٹ کو  سنگل ڈیجٹ پر کیا جائے، صدر کاٹی

کراچی:

کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) نے شرح سود میں 2 فیصد کمی کو ناکافی قرار دے دیا۔ 

کاٹی کے صدر جنید نقی نے شرح سود میں 2 فیصد کمی کو ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی 4.9 فیصد پر پہنچنے سے 6 سال کی کم ترین سطح آگئی جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر، ڈالر کی قدر اور کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ہونے سے معیشت میں آنے والی بہتری کیلیے پالیسی ریٹ کو  سنگل ڈیجٹ پر کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ افراط زراسٹیٹ بینک کی توقع سے زیادہ کم ہوا اور 7.2فیصد سے کم ہوکر 4.9 فیصد پر آنے سے بزنس کمیونٹی کا مطالبہ تھا کہ شرح سود کو سنگل ڈیجٹ کیا جائے۔

جنید نقی نے کہا کہ موجودہ معاشی صورتحال شرح سود میں نمایاں کمی کی گنجائش ممکن تھی، تاہم صنعتی اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور بینکوں سے سستے قرضوں کے حصول کیلئے انٹرسٹ ریٹ میں مزید کمی ضروری تھی۔ بلند پالیسی ریٹ سے معیشت سست روی کا شکار ہوگئی ہے جسے فوری درست کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ صنعتوں کے سرمائے کی قلت دور کرنے اور معاشی ترقی کیلئے شرح سود میں کمی کی توقع تھی۔ انہوں نے کہا کہ شرح سود کو بہتر بنانے کی پالیسی پر عملدرآمد کرے تاکہ انڈسٹری خاص طور پر ایکسپورٹ انڈسٹری کو اس کا فائدہ پہنچے۔

Load Next Story