حکومت سے مذاکرات کا آغاز بانی پی ٹی آئی کو کرنا چاہیے، خواجہ آصف

بانی کے علاوہ پی ٹی آئی میں کسی کی حیثیت نہیں، تحریک انصاف مذاکرات نہیں مذاق رات کررہی ہے، وزیردفاع


اسٹاف رپورٹر December 16, 2024

اسلام آباد:

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے تحریک انصاف کیساتھ مذاکراتی عمل کو مذاق رات قرار دے دیا اور کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی طرف سے ہمیں کوئی پیغام نہیں ملا۔

قومی اسمبلی کے باہر میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں خواجہ آصف نے کہا کہ پانچ منٹ قبل مذاکرات کے عمل میں رہنے والے اپنے وزراء سے پی ٹی آئی سے بات چیت کے حوالے سے پوچھا جس پر انہوں نے بتایا کہ ہمارے ساتھ اب تک کسی نے کوئی رابطہ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کو بتائے کہ ہم مذاکرات کرنا چاہتے ہیں، اسپیکر کے ذریعے مذاکرات کا عمل شروع ہونا چاہیے، پی ٹی آئی پہلے رابطہ کرے گی اس کے بعد ہم کوئی جواب دینے کی پوزیشن میں ہوں گے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ جن حالات میں پی ٹی آئی والے مذاکرات کی بات کررہے ہیں تو دیکھنا ہوگا کہ 26 نومبر سے پہلے وہ کس زبان میں کررہے تھے، ابھی بھی تحریک انصاف کی زبان کی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات کرنے ہوں تو زبان کو خاموش اور لہجے کو نرم رکھنا پڑتا ہے، حکومت سے مذاکرات کا آغاز بانی پی ٹی آئی کو کرنا چاہیے، بانی پی ٹی آئی کے علاؤہ تحریک انصاف میں کسی کی حیثیت ہی نہیں ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں