خیبرپختونخوا اسمبلی میں اینٹوں کے بھٹے ریگولرائز کرنے کا قانون منظور

بھٹوں کو 120 دن میں رجسٹر کرنا، نئے بھٹوں کیلئے سرٹیفکیٹ کا حصول لازمی، خلاف ورزی پر 6 ماہ قید ،2 لاکھ جرمانہ ہوگا


اسٹاف رپورٹر December 16, 2024
فوٹو: فائل

پشاور:

 

خیبرپختونخوا میں پہلی مرتبہ اینٹوں کی بھٹیوں کو بھی قانونی دائرہ اختیار کے اندر لاتے ہوئے صنعت کا درجہ دے دیا گیا۔اس سلسلے میں خیبرپختونخوااسمبلی نے اینٹوں کے بھٹوں کی ریگولرائزیشن کے فیصلے کے تحت اینٹ بھٹوں کی رجسٹریشن بل مجریہ 2024 کی منظوری دے دی۔

منظوری کے بعد  پہلے سے موجود بھٹوں کو  120 دن کے اندر رجسٹرڈ کرنا ہوگا، نئے بھٹے کے قیام سے قبل سرٹیفیکیٹ کا حصول لازمی ہوگا اور قانون کی خلاف ورزی پر 6 ماہ تک قید اور 2 لاکھ تک جرمانہ ہوگا۔

 گزشتہ روز معاون خصوصی  کریم خان  نے خیبرپختونخوا میں اینٹوں کے بھٹوں کی رجسٹریشن بل مجریہ 2024 منظوری کیلئے ایوان میں پیش کیا جس کی رو سے بھٹوں کو صنعت کا درجہ دیا گیا ہے، رجسٹریشن کے بغیر کوئی شخص بھٹہ نہیں چلا سکے گا۔ 

رجسٹریشن کیلئے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انڈسٹریز اینڈ کامرس اتھارٹی قائم کرے گی ، قانون کی منظوری کے بعد پہلے سے موجود بھٹوں کو  120 دن کے اندر رجسٹرڈ کرنا ہوگا، بل میں بھٹوں کے رجسٹریشن کا طریقہ کار بھی وضع کیا گیا ہے۔

بھٹہ قائم کرنے سے پہلے رجسٹریشن سرٹیفیکیٹ لینا ضروری ہوگا، بھٹوں کی رجسٹریشن کیلئے اتھارٹی قائم کی جائے گی،انوائرمنٹل فرینڈلی ٹیکنالوجی کے استعمال کے بغیر بھٹے رجسٹرڈ نہیں کئے جائیں گے، اسکول ، اسپتال ،ٹرانسمیشن لائن اور جنگلات کے قریب بھٹوں کے قیام اور رجسٹریشن کے اجرا پر پابندی ہوگی جبکہ ایکٹ کے خلاف ورزی پر چھ ماہ قید اور دو لاکھ جرمانہ تجویز ہوگا۔

پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے ایم پی اے کی جانب سے پیش کردہ ترامیم کو بھی بل کا حصہ بنادیا گیا جس کے تحت شق 14 (2) ایپلیٹ اتھارٹی دائر کردہ اپیل پر دو ماہ کے اندر فیصلہ سنائے گی، جبکہ شق 18کے تحت چار ماہ میں رولز بنانے کی ترمیم کو بھی قانون سازی کا حصہ بنایا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں