ملک کے ٹیلی کام سیکٹر نے مالی سال 24-2023 کے دوران مجموعی طور پر 956 ارب روپے کی ریکارڈ آمدنی حاصل کی ہے اس حوالے سے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی جانب سے پیش کردہ 2024 کی سالانہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مالی سال 23-2022 کے مقابلے میں24-2023 کے دوران اقتصادی چیلنجز کے باوجود ٹیلی کام شعبے کی آمدنی میں سترہ فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے۔
پی ٹی اے کی جانب سے پیش کردہ رپورٹ میں تکنیکی، بنیادی ڈھانچے کی بہتری، اصلاحاتی جائزہ پیش کیا گیا ہے رپورٹ کے مطابق 24-2023 کے دوران ٹیلی کام شعبے کو 956 ارب روپے کی ریکارڈ آمدنی حاصل ہوئی ہے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ موبائل فون سروسز 91 فیصد آبادی تک پہنچ چکی ہیں، فورجی سروسز 81 فیصد آبادی کو دستیاب ہیں، ٹیلی کام سبسکرائبرز کی کل تعداد ستمبر 2024 تک 19 کروڑ 60 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق براڈ بینڈ صارفین کی تعداد جون 2023 میں 12 کروڑ چھہتر لاکھ سے بڑھ کر 14 کروڑ 23 لاکھ ہو گئی جبکہ موبائل انٹرنیٹ کی اوسط رفتار میں 28 فیصد اضافہ ہوا اور انٹرنیٹ رفتار 15.65 ایم بی پی ایس سے بڑھ کر 20.02 ایم بی پی ایس تک پہنچ گئی۔
رپورٹ کے مطابق سال 24-2023 کے دوران 2 کروڑ 96 لاکھ موبائل ڈیوائسز مقامی سطح پر تیار کی گئی ہیں۔