رحیم یار خان پولیس نے کچہ کریمنلز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ڈیڑھ ماہ قبل بھونگ کے علاقے سے اغوا ہونے والا شہری کو بحفاظت بازیاب کروا لیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پولیس نے کچہ ایریا میں گھوٹکی سندھ کے سرحدی علاقے میں ڈاکوؤں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا اور رحیم یار خان پولیس نے شہری عطا اللہ سولنگی کو بحفاظت بازیاب کروایا۔
ترجمان کے مطابق مغوی شہری کو ڈیڑھ ماہ قبل تھانہ بھونگ کے علاقے سے اغواء کیا گیا تھا اغوا کار ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کا کچہ ایریا میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آپریشن کے نتیجے میں اغوا کار مغوی شہری کو چھوڑ کر کچہ کی طرف فرار ہوئے پولیس کو آپریشن کے دوران نائٹ ویژن گاگلز، بکتر بند گاڑیوں، ایلیٹ کمانڈوز سمیت بھاری ہتھیاروں کی مدد حاصل تھی۔