ٹک ٹاکر رجب بٹ کو شیر کا بچہ تحفے میں دینے والے کا بیان سامنے آگیا

پنجاب وائلڈلائف نے برآمد کیاجانیوالا شیرکا بچہ عارضی طور پر لاہورسفاری زو منتقل کردیا تھا

معروف ٹک ٹاکر رجب علی بٹ کو شیرکا بچہ تحفےمیں دینے والے نجی وائلڈلائف بریڈنگ فارم کے مالک میاں عمر ڈھولا کا کہنا ہے رجب علی کو شیر کی بچے کی وجہ سے نہیں اسلحہ کی وجہ سے پکڑاگیا۔ تاہم ان کی گرفتاری کی وجہ شیرکا بچہ ضرور بنا تھا۔

ایکسپریس نیوز سے بات کرے ہوئے میاں عمر ڈھولا نے کہا وائلڈلائف کا عملہ رجب علی بٹ کے گھر شیر کا بچہ پاس رکھنے کالائسنس اور دستاویز دیکھنے پہنچے تھا۔ جواس وقت ان کے پاس نہیں تھے۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے وائلڈلائف کے عملے کو بتایا کہ شیر کا بچہ انہوں نے اپنے بریڈنگ فارم سے لیا ہے اور وہ اس کا لیٹر بھی بنا کر انہیں دے دیں گے جبکہ وہ لائسنس بھی بنوالیں گے جس پر وائلڈلائف کاعملہ مطمئن ہوگیا اور واپس جانے لگا لیکن ان کے ساتھ آئے پولیس اہل کاروں نے وہاں سےاسلحہ برآمد کرلیا۔

میاں عمر ڈھولا نے بتایا انہوں نے تھانے میں شیرکے بچے کا لیٹربریڈنگ فارم کی طرف سےبنا کر دکھادیا تھا جس کی وجہ سےپولیس کی ایف آئی آرمیں شیرکا بچہ غیرقانونی رکھنے کا ذکر نہیں ہے لیکن سوشل میڈیا پر یہ شور مچایا گیا کہ رجب علی کو شیر کا بچہ غیرقانونی رکھنے پر گرفتار کیا گیا ہے۔

دوسری طرف پنجاب وائلڈلائف ذرائع کے مطابق میاں عمرڈھولا کا بریڈنگ فارم رجسٹرڈنہیں تھا، اس نے پیر کے روز ہی رجسٹریشن فیس جمع کروائی جس کے بعد اس کی رجسٹریشن کی گئی ہے۔ میاں عمر نے کئی گھنٹےڈی جی وائلڈلائف اور ڈپٹی ڈائریکٹر لاہور ریجن سے ان کے آفس میں ملاقات کی اور اپنا بریڈنگ فارم رجسٹرڈ کروایا ہے۔

خود میاں عمر نے بھی اعتراف کیا کہ ان کے کچھ کاغذات نامکمل تھے، انہوں نے فیس جمع نہیں کروائی تھی آج انہوں نےوہ فیس جمع کروا دی ہے۔

پنجاب وائلڈلائف نے برآمد کیاجانیوالا شیرکا بچہ عارضی طور پر لاہورسفاری زو منتقل کردیا تھا، پیر کے روز پنجاب وائلڈلائف نے ضلع کچہری میں چالان پیش کیا تاہم رجب علی اور میاں عمر کو سپرداری پر شیرکا بچہ نہیں مل سکا۔

ذرائع کے مطابق اس کی وجہ یہ تھی کہ ان کا بریڈنگ فارم رجسٹرڈ نہیں تھااوروہ عدالت میں رجسٹریشن سرٹیفکیٹ نہیں دکھاسکے تھے۔

میاں عمرکےمطابق انہیں امید ہے کہ ایک دو روزمیں شیرکا بچہ انہیں واپس مل جائیگا اور انہیں جرمانہ بھی نہیں ہوگا کیونکہ انہوں نے تمام کام قانون کےمطابق کیے ہیں۔

میاں عمر نے مزید بتایا کہ رجب علی ان کے دوست اورمحسن ہیں،اس لیے انہوں نے انہیں شیر کا تحفہ دیا کیونکہ شیروں کو شیر ہی تحفے میں ملتے ہیں۔

واضع رہے کہ کچھ عرصہ قبل بھی لاہورمیں ایک نوبیاہتاجوڑے کو شیر کے بچے کے ساتھ شادی کا فوٹو شوٹ کروانے پر قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑاتھا۔

لاہورسمیت پنجاب بھر میں سینکڑوں وائلڈلائف بریڈنگ فارم ہیں جن میں صرف چنددرجن ہی رجسٹرڈ ہیں۔ پنجاب وائلڈلائف بھی اس وقت حرکت میں آتا ہے جب کسی جنگلی جانور یا شیر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتی ہے۔

Load Next Story