قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا ہے کہ ٹی 20 سیریز کے نتائج توقعات کے مطابق نہیں تھے مگر ون ڈے سیریز کا پہلا میچ جیتنے کیلیے پُرعزم ہیں۔
پارل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ ٹی 20 کے بعد اب ہمارا سارا فوکس ون ڈے پر مرکوز ہے تاکہ چیمپئنز ٹرافی کیلیے اچھی تیاری ہوسکے۔
انہوں نے کہا کہ ون ڈے میں ہمارا ردھم اچھا ہے اور اس کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے، ہم آسٹریلیا اور زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز جیت چکے ہیں اور جنوبی افریقا کو شکست دینا ہمارا ہدف ہے۔
محمد رضوان نے کہا کہ جنوبی افریقا کو ہوم گراؤنڈ کا ایڈوانٹج ہوگا اور ہمیں اُس کو ہرانے کیلیے ہر شعبے میں اچھی پرفارمنس دینا ہوگی۔
کپتان نے ٹیم میں اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’ٹیم کے اندر ’میں‘ نہیں ’ہم‘ کا لفظ ہوتا ہے، ہمارے سارے کھلاڑی کپتان ہیں اور متحد ہیں جبکہ ٹیم ورک بھی بہترین ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم میں شامل جونیئر یا سینئر سب کا فوکس فتح پر ہے، کنڈیشنز دیکھ کر ٹیم بنانے کی کوشش کرتے ہیں، ہر جگہ الگ کنڈیشن میں کھیل رہے ہیں اور ملک سے باہر کھیلنے میں ہمیشہ چیلنج کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔