کراچی: مبینہ مقابلے میں دو ڈاکو ہلاک، دو زخمی حالت میں گرفتار

کورنگی پولیس نے ڈھائی نمبر کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد دو ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کیا


اسٹاف رپورٹر December 16, 2024
(فوٹو: فائل)

کورنگی اور فیروزآباد پولیس نے مبینہ مقابلے میں دو ڈاکوؤں کو ہلاک اور دو کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق کورنگی پولیس نے ڈھائی نمبر غریب نواز بس اسٹاپ باقری پیٹرول پمپ کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد دو ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ زخمی حالت میں گرفتار ڈاکوؤں کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزمان کی شناخت 26 سالہ نعمان علی ولد لیاقت علی اور 35 سالہ حسین ولد جعفر کے ناموں سے کی گئی۔گرفتار ملزمان سے دو پستول بمعہ گولیاں ، چار موبائل فونز ، دو پرس بمعہ نقد رقم اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔گرفتار ملزمان اسٹریٹ کرائم سمیت دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔

فیروزآباد پولیس نے پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی بلاک 2 گرلز کالج کے قریب سے مبینہ مقابلے میں 2 ڈاکوؤں کو ہلاک کر دیا۔ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی لاشیں چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئیں ۔ہلاک کیے جانے والے ملزمان سے ایک پستول ، تین موبائل فونز ، ہزاروں روپے چھینی گئی نقدی اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔

ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی شناخت لیاقت علی اور شفیق کے ناموں سے کی گئی۔ واقعے کے مطابق دونوں موٹرسائیکل سوار ڈاکو آنے جانے والے شہریوں سے لوٹ مار کر رہے تھے کہ فیروزآباد تھانے کی پولیس موبائل موقع پر پہنچ گئی۔

پولیس کو دیکھ کر ملزمان نے فرار ہوتے ہوئے فائرنگ کی پولیس موبائل میں سوار جوانوں نے ملزمان پر جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دونوں ڈاکو موقع پر مارے گئے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر ایس ایچ او فیروزآباد انعام جونیجو موقع پر پہنچ گئے اور فوری طور پر اعلیٰ افسران کو اپنی کارکردگی ظاہر کرتے ہوئے اعلیٰ افسران کو اطلاع دی ، اطلاع ملنے پر رینجرز کے افسران اور فارنزک ڈیپارٹمنٹ کے افسران و اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں