شرح سود میں کمی کی توقعات سے پی ایس ایکس میں تیزی کا رجحان، ماہرین

شرح سود میں کمی نے اسٹاک مارکیٹ پر مثبت اثر ڈالا ہے

کراچی:

ماہرین کا کہنا ہے کہ اسٹاک ایکسچینج میں تاریخی تیزی کا سبب سیاسی استحکام، آئی پی پیز معاہدے حل ہونا، غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر کی مستحکم شرح، ترسیلات زر میں اضافہ اور شرح سود میں کمی جیسے عوامل ہیں، جو سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کیلیے راغب کر رہے ہیں۔

عارف حبیب کارپوریشن کے تجزیہ کار احسان محنتی نے اس حوالے سے کہا کہ شرح سود میں کمی نے اسٹاک مارکیٹ پر مثبت اثر ڈالا ہے، سیاسی استحکام، آئی پی پیز معاہدوں کا حل ہونا، توازن تجارت کے معاشی اشاریوں میں بہتری، زرمبادلہ کے ذخائر میں استحکام، اور ترسیلات زر نے اسٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ تیزی لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

جس کے نتیجے میں کے ایس سی 100 انڈیکس پیر کو 1,867.61 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 116,169.41 کی سطح پر پہنچ گیا۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز نے اپنے مارکیٹ ریویو میں کہا ہے کہ سرمایہ دار مانیٹری پالیسی کا انتظار کر رہے تھے، اور ان کو شرح سود میں بڑی کمی کی توقع تھی، جس کی وجہ سے سرمایہ کار اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنے کی جانب راغب ہوئے۔

ٹاپ لائن نے واضح کیا کہ انڈیکس میں اضافہ بنیادی طور پر ماڑی پٹرولیم، فوجی فرٹیلائزر، پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ، آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی، اور دی حب پاور کمپنی کی مضبوط کارکردگی سے ہوا، جنھوں نے انڈیکس میں مجموعی طور پر 1,749 پوائنٹس کا حصہ ڈالا۔

جے ایس گلوبل کے تجزیہ کار محمد حسن اطہر نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو پالیسی ریٹ میں بڑی کمی کی توقع تھی، جس کی وجہ سے اسٹاک مارکیٹ میں تیزی دیکھی گئی، نمایاں سیکٹرز جیسا کہ آٹوز، ای اینڈ پیز اور ریفائنریز کی خریداری میں زبردست اضافہ دیکھا گیا۔

انھوں نے توقع ظاہر کی کہ شرح سود میں کمی کا تسلسل برقرار، جس کے نتیجے میں اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا تسلسل برقرار رہے گا۔

Load Next Story