کراچی:
جنوبی افریقہ اور پاکستان کے درمیان سیریز کا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل آج پارل میں کھیلا جائے گا، گرین شرٹس کو فتح کی راہ پر واپسی کا چیلنج درپیش ہے، اولین انتخاب پلیئرز میزبان الیون کا حصہ ہوں گے۔
البتہ کپتان پروٹیز کیمپ میں باووما کو آرام دیتے ہوئے پہلے میچ میں مارکرم کو قیادت سونپی گئی ہے۔
پاکستانی توقعات کا بوجھ محمد رضوان اور بابراعظم کے تجربہ کار کندھوں پر ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق ٹی 20 سیریز میں شکست کے بعد پاکستان کی نگاہیں اگلی آزمائش ون ڈے سیریز پر مرکوز ہوچکیں، پہلا میچ منگل کو پارل میں کھیلا جائے گا، گرین شرٹس کو ٹی 20 سیریز میں 2-0 سے شکست ہوئی، تیسرا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔
ناتجربہ کار بولنگ اٹیک کے سامنے بھی پاکستانی بیٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا، پہلے میچ میں رضوان نے انتہائی سست رفتاری سے ففٹی بنائی جبکہ دوسرے میچ میں صرف صائم ایوب برق رفتار 98 رنز ناٹ آؤٹ بنانے میں کامیاب رہے۔
اب ون ڈے سیریز کیلیے جنوبی افریقی اسکواڈ میں تمام اہم کرکٹرز واپس لوٹ چکے ہیں، اس لیے مہمان ٹیم کو فتح کیلیے مضبوط دیوار پھلانگنا ہوگی، میزبان ٹیم کے ٹیمبا باووما کو کام کا بوجھ کم کرنے کیلیے بورڈ نے پہلے میچ میں آرام دیا ہے، ان کی جگہ ایڈین مارکرم قیادت کریں گے، ،وہ بیٹ کے ساتھ بھی عمدہ فارم کا سلسلہ برقرار رکھنا چاہیں گے۔
اسپن اسٹار کیشیو مہاراج اور فاسٹ بولر کاگیسو رباڈا اسکواڈ کا حصہ ہیں، جنوبی افریقہ آئندہ برس شیڈول چیمپئنزٹرافی سے قبل اپنے ایک روزہ کمبی نیشن کو حتمی شکل دینے کی کوشش کرے گا۔
دوسری جانب دوسرے ٹی 20 میں عمدہ کھیل کے بعد درمیانی اوورز میں جدوجہد کرنے والی پاکستانی ٹیم ون ڈے سیریز میں بہتر کھیل پیش کرنے کیلیے پْرامید ہے، اس طرز میں وہ آسٹریلیا کو حال ہی میں شکست دے چکی، جس کی وجہ سے حوصلے کافی بلند ہیں۔
گرین شرٹس بھی ہوم گراؤنڈز پر شیڈول چیمپئنز ٹرافی کیلیے کمبی نیشنز کو آزمائیں گے۔ صائم ایوب دوسرے ٹی 20 میں اپنی برق رفتار اننگز کی وجہ سے کافی پْراعتماد نظر آتے ہیں، وہ اپنی فارم کو ون ڈے میں بھی برقرار رکھنا چاہیں گے۔
توقعات کا بوجھ تجربہ کار جوڑی محمد رضوان اور بابراعظم پر ہوگا، عبداللہ شفیق اور سلمان آغا بھی موجودگی کا احساس دلانے کی کوشش کریں گے۔
اسپنر ابرار احمد ٹی 20 بولنگ ردھم کو ون ڈے فارمیٹ میں بھی برقرار رکھنے کیلیے پراعتماد ہیں، پیس اٹیک شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اورحارث رؤف پر مشتمل ہوسکتا ہے۔