مختلف مقامات پر شدید دُھند کے باعث موٹر ویز بند، عوام سے احتیاط کی اپیل

صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک دھند کم ہوتی ہے اور سفر کے لیے بہترین اوقات ہوتے ہیں


ویب ڈیسک December 17, 2024

لاہور:

موٹروے پولیس لاہور نے شدید دھند کے باعث موٹروے ایم 2 (ٹھوکر نیاز بیگ سے ہرن مینار تک) اور ایم 3 (لاہور سے ننکانہ) کو عوامی تحفظ کے لیے بند کر دیا ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس سید عمران احمد کے مطابق، دھند کے موسم میں حفاظتی تدابیر کے تحت یہ فیصلے کیے گئے ہیں تاکہ عوام کا محفوظ سفر یقینی بنایا جا سکے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ شہریوں کو دن کے اوقات میں سفر کرنے کی ترغیب دی جاتی ہے، کیونکہ صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک دھند کم ہوتی ہے اور سفر کے لیے بہترین اوقات ہوتے ہیں۔

موٹروے پولیس نے ڈرائیور حضرات سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں کے آگے اور پیچھے فوگ لائٹس کا استعمال کریں، تیز رفتاری سے گریز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں۔

مزید برآں، موٹروے پولیس نے عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور کسی بھی ایمرجنسی یا مدد کی صورت میں ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ یہ احتیاطی تدابیر عوام کی حفاظت کے پیش نظر ضروری ہیں۔

موٹروے پولیس نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ موسم کی تبدیلی کے مطابق احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور سفر کے دوران تمام ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں