شانگلہ پولیس پر دہشت گردوں کا حملہ، 2 اہلکار شہید، 4 زخمی

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ضلع شانگلہ میں پولیس چوکی پر فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کی۔


ویب ڈیسک December 17, 2024

سوات:

خیبر پختونخوا کے ضلع سوات کے علاقے شانگلہ میں پولیس پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید اور 4 زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق نامعلوم دہشت گردوں نے شانگلہ کی تحصیل چکیسر کی حدود میں واقع گنانگرپولیس چوکی پر حملہ کیا۔

حکام کے مطابق چکیسر گنانگر پولیس چوکی پر دہشتگردوں کے حملے میں 2 اہلکار شہید اور 4 زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق جام شہادت نوش کرنے والوں میں ایس ایچ او محمد حسن خان، سپاہی نثار خان شامل ہیں، حملے میں اہلکار مرزا ارشد اقبال، سپاہی ارشد گنانگرسمیت 4 اہلکار زخمی ہوئے۔


پولیس حکام کے مطابق ایک زخمی سپاہی کا تعلق میرہ سے ہے۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پولیس چوکی پر فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کی اور فائرنگ سے جام شہادت نوش کرنے والے 2 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

وزیر داخلہ نے اے ایس آئی حسن خان اور ہیڈ کانسٹیبل نثار خان کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار اور شہدا کے خاندانوں سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ زخمی ہونے والے 3پولیس اہلکاروں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہوں، خیبرپختونخوا پولیس کے اے ایس آئی حسن خان اور ہیڈ کانسٹیبل نثار خان نے شہادت کا اونچا رتبہ پایا۔

ان کا کہنا تھا کہ شہداء ہمارا سرمایہ افتخار ہیں۔ ان کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، خیبرپختونخوا پولیس کے افسروں اور جوانوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ اس جنگ میں کے پی کے پولیس کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا، خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

 

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نےحملے کی مذمت کی اور دو پولیس اہلکاروں کی شہادت پر اظہارِ افسوس کیا اور  انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا پولیس کی قربانیاں بے مثال اور لازوال ہیں، اس میں دہشتگردی کے واقعات میں اضافے پر تشویش ہے، دہشتگردوں سے مقابلہ کرنے کے حوالے سے خیبرپختونخواہ حکومت کی مجرمانہ عدم دلچسپی ہمارے قومی عزم کے خلاف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئی کچھ بھی کرلے، دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خلاف جنگ میں جیت پاکستان کی ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں