کوہلی کینگروز کیخلاف وکٹ گنوا کر تنقید کی زد میں آگئے
بھارت اسٹار بیٹر اور مسلسل آؤٹ آف فارم ویرات کوہلی کے جلدی آؤٹ ہونے کے بعد تنقید کی زد میں آگئے۔
آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان بارڈر گواسکر سیریز جاری ہے، جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا ٹیسٹ برسبین کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے۔
آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 445 رنز بنائے جس کے جواب میں کھیل کے تیسرے روز بھارتی بیٹرز ایک بار پھر آسٹریلوی بولرز کے سامنے مشکلات کا شکار ہیں اور صرف 201 رنز پر 7 وکٹیں گر چکی ہیں۔
کینگروز کے خلاف بھارتی ٹاپ آرڈر مسلسل مشکلات کا شکار ہے، وہیں اسٹار بیٹر ویرات کوہلی بھی سیریز میں ایک سنچری کے علاوہ کوئی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام ہیں۔
مزید پڑھیں: سابق خاتون کرکٹر نے بمراہ سے آن ایئر معافی کیوں مانگی؟
تیسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ویرات کوہلی صرف 3 رنز پر ایک بار پھر آف اسٹمپ کی گیند پر کوور ڈرائیو مارنے کی کوشش میں وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوگئے جس کے بعد انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا جارہا ہے۔
کوہلی کے اس بارڈر گواسکر ٹرافی میں اسکور کچھ یوں 5، 100، 7، 11 اور 3 ہیں۔
مسلسل ایک ہی انداز میں وکٹ گنوانے پر سابق کرکٹرز نے تنقید کیساتھ انہیں مشورہ بھی دیا ہے، سابق بھارتی کرکٹر دیپ داس گپتا کا کہنا ہے کہ کوہلی کا تکنیکی نہیں، یہ ذہنی مسئلہ ہے۔
مزید پڑھیں: 2 مرتبہ اسٹیڈیم کی لائٹس بند ہونے کے ذمہ دار ناتھن لائن قرار
دیپ داس گپتا نے کہا کہ کبھی کبھی بیٹر کو اپنی حدود میں رہتے ہوئے کھیلنا چاہیے، کوہلی کو خود کو ثابت کرنے کی ضرورت نہیں لیکن اپنی اننگز کے آغاز میں انہیں اپنی پسندیدہ شاٹ کوور ڈرائیو کھیلنے سے گریز کرنا چاہیے۔
سابق بھارتی کرکٹر سنیل گواسکر نے بھی کوور ڈرائیو کی کوشش میں بار بار آؤٹ ہونے پر کوہلی پر کچھ تنقید کی اور مشورہ بھی دیا، جس گیند پر کوہلی آؤٹ ہوئے وہ وکٹوں سے کافی باہر کی گیند تھی، ایسی گیند کو کھیلنے کے بجائے چھوڑنا بہتر ہے اگر کوہلی کریز پر تھوڑا صبر کرتے تو وہ آج ناٹ آؤٹ جاسکتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ جب تک کوہلی کریز پر سیٹ نہ ہوجائے باہر جاتی گیند کو فضول میں کھیلنا غلطی ہے۔
واضح رہے کہ تیسرے ٹیسٹ میں بھارت کو آسٹریلیا کے خلاف پہلی اننگز میں 244 رنز کا خسارہ ہے۔
بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان 5 میچز کی سیریز ایک ایک سے برابر ہے۔