بھارتی اداکارہ سوناکشی سنہا ماضی کے مقبول اداکار اور شکتی مان اسٹار مکیش کھنہ کے ساتھ حالیہ تنازعہ کے بعد ایک بار پھر خبروں میں ہیں۔
اس کا آغاز 2019 میں ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کے ایک ایپی سوڈ سے ہوا تھا، جب سوناکشی سنہا رامائن سے متعلق ایک سوال کا جواب دینے میں ناکام رہیں۔ اس واقعے کے بعد مکیش کھنہ نے سوناکشی کے والد شتروگن سنہا پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی بیٹی کو رامائن کی تعلیم نہیں دی۔
اس تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے سوناکشی نے انسٹاگرام پر اپنی ناراضی کا اظہار کیا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ اس سوال کا جواب نہ دینے والے دو دیگر مقابلہ کرنے والے بھی تھے، مگر مکیش کھنہ نے تنقید کا نشانہ صرف انہیں بنایا۔
سوناکشی نے کہا کہ کسی بات کو بھول جانا ایک عام انسانی عمل ہے، مگر مکیش کھنہ شاید معافی اور مہربانی جیسے لفظوں کو بھول گئے ہیں، جو بھگوان رام نے سکھائے ہیں۔
انہوں نے مکیش کھنہ کے تبصروں پر مزید وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ان کے والد نے انہیں بہترین تربیت دی ہے، اور یہی وجہ ہے کہ وہ مکیش کھنہ کے نازیبا تبصروں کا بھی احترام کے ساتھ جواب دے رہی ہیں۔