امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر دھمکی دی ہے کہ حماس نے میرے حلف اُٹھانے کے دن 20 جنوری سے قبل اسرائیلی یرغمالی رہا نہ کیے تو قیامت ٹوٹے گی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ٹیلی فون پر گفتگو کی اور غزہ کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو تسلی دی کہ میں 20 جنوری کو حلف اُٹھاؤں گا پھر غزہ اور اسرائیلی یرغمالیوں کے معاملے کو دیکھیں گے۔
فلوریڈا میں صحافیوں سے گفتگو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میرے منصب سنبھالنے تک اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی اور غزہ جنگ بندی کا معاہدہ طے نہیں پاتا تو پھر جو ہوگا وہ قطعی طور پر خوشگوار نہیں ہوگا۔
ٹرمپ نے دھمکی آمیز لہجے میں کہا کہ میں حماس کو پہلے ہی کہہ چکا ہوں کہ 20 جنوری کو میرے حلف اُٹھانے سے قبل اسرائیلی یرغمالی رہا کردیں ورنہ ان پر قیامت ٹوٹ پڑے گی۔
یاد رہے کہ بین الاقوامی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ حماس اور اسرائیل پہلی بار غزہ جنگ بندی معاہدے کے طے پانے کے قریب ترین مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں۔
جوبائیڈن انتظامیہ کی بھی کوشش ہے کہ وہ ٹرمپ کی مداخلت سے قبل ہی غزہ جنگ بندی معاہدے پر فریقین کو راضی کرنے میں کامیاب ہوجائیں تاکہ اس کا سہرہ ٹرمپ نہ لے سکیں۔