قازقستان اور پاکستان کے مابین مصنوعات و مشینری کیلیے ڈسپلے سینٹرز قائم کرنیکا فیصلہ
قازقستان اور پاکستان کے مابین تجارت کے فروغ کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس میں مصنوعات و مشینری کے لیے ڈسپلے سینٹرز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ، نجکاری اور مواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں قازقستان کے سفیر یرزہان کستافن نے خصوصی شرکت کی۔
ٹیکسٹائل، سرجیکل آلات، اسپورٹس گڈز، ہینڈی کرافٹ، لیدر مصنوعات اور زرعی آلات شو کیس کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان اور قازقستان دونوں ممالک میں ایک ہی چھت تلے بزنس کمیونٹی کو بڑے پیمانے پر سہولیات دیں گے جبکہ دونوں ممالک آئندہ 3برسوں میں دو طرفہ تجارت کے حجم میں 100فیصد اضافہ کریں گے۔ مختلف شہروں میں جانے کے بجائے غیر ملکی سرمایہ کاروں کی ضروریات ایک ہی مرکز میں پوری کریں گے۔
قازقستان کے سفیر یرزہان کستافن نے پاکستان میں ڈسپلے سینٹرز کے قیام میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
وفاقی وزیر سرمایہ نے کہا کہ پاکستان قازقستان سے ایک سال میں اپنی برآمدات میں 20فیصد اضافہ کرنے کا خواہاں ہے، قازقستان کے علاوہ دیگر وسط ایشیائی ممالک سے بھی مشترکہ بزنس حکمت عملی اپنائیں گے۔ الماتے، باکو اور دیگر بڑے شہروں میں پاکستان اپنی مصنوعات کی نمائش کے مراکز قائم کرے گا، ہر ملک کی ڈیمانڈ کے مطابق وہاں کے ڈسپلے سینٹرز کے لیے پالیسی تشکیل دیں گے۔
قازقستان کے سفیر نے وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان سے دو طرفہ تعاون میں گہری دلچسپی لینے پر اظہار تشکر کیا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ ڈسپلے سینٹرز اہم مقامات پر بنیں گے جہاں بزنس کمیونٹی کو آسانی سے رسائی حاصل ہو سکے۔
قازقستان میں پاکستان کے سفیر، وفاقی سیکرٹری صاحبان اور سینیئر افسران نے اجلاس میں شرکت و بریفنگ دی۔