لاہور ہائیکورٹ: جج کے نام سے پہلے عزت مآب نہ لکھنے پر توہین عدالت کی درخواست
نئے ججز کی تعیناتی کے نوٹیفیکیشن میں چیف جسٹس کے نام کے ساتھ عزت مآب نہ لکھنے پر سیکرٹری جوڈیشل کمیشن نیاز محمد خان کے خلاف دائر توہین عدالت کیس کی سماعت جسٹس فاروق حیدر نے کی۔
عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو عدالتی معاونت کی ہدایت کرتے ہوئے حکم دیا کہ اعلیٰ عدلیہ کے فیصلے کی روشنی میں عدالت کی معاونت کی جائے۔
رجسٹرار آفس نے درخواست پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ نوٹیفیکیشن درست جاری ہوا اور درخواست ناقابل سماعت ہے۔
درخواست گزار آفاق احمد نے دلائل میں کہا کہ نئے ججز کی تعیناتی کے نوٹیفیکیشن میں چیف جسٹس کے نام سے قبل عزت مآب نہیں لکھا گیا، چیف جسٹس یا ججز کے نام سے قبل عزت مآب لکھنا قانونی تقاضا ہے۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت مبہم نوٹیفکیشن جاری کرنے پر سیکرٹری جوڈیشل کمیشن کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے۔