کراچی:
صوبائی وزیر تعلیم نے کراچی سمیت سندھ بھر میں سردی کی لہر کے پیش نظر اسکولوں میں طلبہ کے لیے یونیفارم کوڈ میں نرمی کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر رفعیہ جاوید ڈائریکٹوریٹ آف پرائیوٹ انسٹیٹیوشن کی جانب سے اس سلسلے میں نجی اسکول کو باقاعدہ مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سردیوں کے دوران نجی اسکولز طلبہ کے یونیفارم کے سلسلے میں نرمی برتیں، اسکول کے بچوں کی صحت کی خاطر سردی سے بچاؤ کے اقدامات میں ان کے ساتھ تعاون کریں اور سردی کے دنوں میں طلبہ جو گرم کپڑے پہننا چاہیں انہیں اس کی اجازت دی جائے۔
بچے سوئیٹرز، بلیزرز، جیکٹس، کوٹس، ٹوپی، موزے اور جوتے اپنی ضرورت اور سہولت کے مطابق استعمال کر سکتے ییں۔ بچوں کو سردی سے بچانے کے لیے یہ پالیسی یا نرمی سردی کے پورے موسم میں قابل اطلاق ہے۔
مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ اسکول کلاسز میں بھی سردی کے بچاؤ کے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔