فلمی دنیا میں قدم رکھنا اور قدم جمائے رکھنا یہ دو الگ الگ باتیں ہیں، اداکاری کے شوق میں روز ہزاروں لوگ لمبی قطاروں میں لگ کر آڈیشن دے کر اسکرین پر آنے کیلئے جدوجہد کرتے ہیں مگر یہ جدوجہد یہیں ختم نہیں ہوتی۔
فلم ملنے کے بعد شہرت کسی کسی کو ہی نصیب ہوتی ہے اور جو اداکار کامیاب فلمیں نہ دے سکیں انہیں فلاپ اداکار کا لیبل لگا دیا جاتا ہے جو پھر کبھی دور نہیں ہوتا۔
بالی ووڈ میں ایک ایسے ہی اداکار شردھ کپور ہیں جنہوں نے ایشوریا رائے، بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رُخ خان اور سلمان خان جیسے بڑے اداکاروں کے ساتھ کام کیا مگر کبھی کامیابی اور شہرت نہ مل سکی۔
90 کی دہائی میں اداکار بننے کا جنون شردھ کپور کو کلکتہ سے ممبئی لے آیا جہاں انہوں نے اپنا نام بنانے کی سر توڑ کوششیں کی مگر انہیں زیادہ تر منفی کردار ہی مل سکے اور بطور ہیرو انہیں قبول نہیں کیا گیا۔
شوبز سے دور دور تک کوئی تعلق یا بیک گراؤنڈ نہ ہونے کے باعث شردھ کپور کا یہ سفر آسان نہ تھا تاہم 43 فلموں میں کام کر کے بھی کامیاب اداکار نہ بن پانے کے باعث انہوں نے شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرلی اور اپنا بزنس شروع کردیا۔
اب شردھ کا ممبئی اور بنگلور میں ریسٹورنٹ ہے جبکہ انہوں نے 2008 میں ویسٹ بنگال کے سابق چیف منسٹر کی پوتی جیوتی باسو سے شادی کر کے مبئی کو ہی اپنا گھر بنا لیا ہے مگر وہ اب شوبز اور گلیمر کی دنیا سے دور ہی رہتے ہیں۔