پشاور میں پیغام امن کانفرنس، علما کرام نے دہشت گردی کو حرام قرار دے دیا

ملک جن چیلنجز سے گزر رہا ہے اس میں اتحاد کی اشد ضرورت ہے، مولانا عبدالخبیر آزاد


احتشام خان December 17, 2024
پیغام امن کانفرنس میں مختلف مکاتیب فکر کے علمائے کرام نے شرکت کی—فوٹو: ایکسپریس

پشاور:

چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیرصدارت اجلاس میں علما نے پیغام امن کانفرنس میں دہشت گردی کے خلاف فتوے کو نمایاں کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ ملک کو دہشت اور وحشت کے لیےاستعمال نہیں ہونے دیں گے۔

پشاور میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کے زیر اہتمام پیغام امن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، اجلاس میں چئیرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولاناعبدالخبیر آزاد، ڈاکٹر اقبال خلیل اور دیگر علمائے کرام نے شرکت کی۔

پیغام امن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چئیرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ تمام مسالک کے علمائے کرام کا کانفرنس میں شرکت پر مشکور ہو۔

انہوں نے کہا کہ ملک جن چیلنجز سے گزر رہا ہے اس میں اتحاد کی اشد ضرورت ہے، اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لو، فرقوں میں تقسیم نہ ہو، بہترین مسلمان وہ ہے جن کے ہاتھ سے دوسرے انسان محفوظ ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان لا الہ اللہ کے نام پر وجود میں آیا، یہ ملک اللہ تعالیٰ کی نعمت عظمی ہے، وہی کردار جو پاکستان کو بنانے میں بزرگوں نے ادا کیا تھا وہی آج بچانے میں ہم ادا کریں گے۔

مولانا عبدالخبیر آزاد کا کہنا تھا کہ کرم میں جرگے کی صورت میں کردار قابل تحسین ہے مل کر آگے بڑھنا ہوگا، ملک کی تعمیر وترقی کے لیے آگے بڑھنا ہے۔

چئیرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے کہا کہ پیغام پاکستان کے فتوے پر 10 ہزار علمائے کرام نے دستخط کیے اور اس میں دہشت گردی کو حرام قرار دیا گیا ہے، ملک کو دہشت اور وحشت کے لیے استعمال نہیں ہونے دیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں