پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے بالی ووڈ اسٹار رنبیر کپور کے ساتھ 2017 میں وائرل ہونے والی تصاویر کے حوالے سے پہلی بار کھل کر بات کی ہے۔
ان تصاویر میں دونوں کو نیویارک کی گلیوں میں سگریٹ نوشی کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر سخت تنقید اور قیاس آرائیوں نے ماہرہ کو شدید جذباتی دباؤ میں مبتلا کر دیا۔
بی بی سی ایشین نیٹ ورک کے ساتھ ایک انٹرویو میں ماہرہ نے انکشاف کیا کہ اس واقعے نے ان کی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی کو بری طرح متاثر کیا۔ ماہرہ کا کہنا تھا: "مجھے لگا میرا کیریئر ختم ہو گیا ہے۔"
ایک مشہور آرٹیکل جس کا عنوان "دی لٹل وائٹ ڈریس" تھا، نے ان کی شہرت پر سوال اٹھاتے ہوئے ان کے مستقبل کے بارے میں قیاس آرائیاں کیں۔ ماہرہ نے بتایا: "میں نے وہ آرٹیکل پڑھا اور سوچا، ‘کیا واقعی میرا کیریئر ختم ہو چکا ہے؟’"
ماہرہ نے جذباتی طور پر بتایا: "میں دن بھر بستر سے نہیں اٹھتی تھی، روز روتی تھی۔ یہ نہ صرف میری پیشہ ورانہ بلکہ ذاتی زندگی پر بھی اثر انداز ہوا۔" انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ اس مشکل وقت میں ان کے مداحوں اور برانڈز نے ان کا بھرپور ساتھ دیا۔
ماہرہ نے بتایا: "تمام برانڈز نے مجھے فون کیا اور کہا کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں۔" انہوں نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا جو اس سفر میں ان کے ساتھ رہے۔
نیویارک میں لی گئی ان تصاویر نے ماہرہ اور رنبیر کے درمیان رومانس کی افواہوں کو جنم دیا، جبکہ ان پر ان کے لباس اور سگریٹ نوشی کے حوالے سے سخت تنقید کی گئی۔
ماہرہ نے کہا کہ یہ سفر ان کے لیے بے حد مشکل تھا، لیکن انہوں نے اپنی ذاتی زندگی اور اپنے بیٹے کے لیے بہترین فیصلے کیے، جس کی بدولت وہ ان مسائل سے نکل سکیں۔