حکومت نے میرے دو مطالبات نہیں مانے تو ترسیلات زر روکنے کی کال دوں گا، عمران خان

بانی پی ٹی آئی نے دومطالبات دے کر اپنے لوگوں کو حکومت کی طرف ہی بھیجا ہوگا، بہن عمران خان،


عمران اصغر December 17, 2024
(فوٹو : فائل)

اسلام آباد:

بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی بہن علیمہ خان نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ اگر میرے دو مطالبات نہیں مانے گئے تو میں بالکل ترسیلات زر روکنے کی کال دوں گا۔

علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت گرنے کے بعد لاکھوں لوگ خط غربت کی لکیر سےنیچے چلے گئے ہیں اور لوگوں کو معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی خوشی سے تیار ہیں کہ وہ اپنی ترسیلات زر وطن نہیں بھیجیں گے، آپ اپنے ڈالر لے کر ملک سے باہر چلے جاتے ہیں اور غریب محنت کش مزدور باہر کام کر کے ڈالر پاکستان بھیجتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اپ اسی ڈالر پر ملک چلا رہے ہیں اور واضح ہو گیا ہے کہ آپ کو اسی ڈالر کی فکر ہے۔

علیمہ خان نے کہا کہ پانی پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ لندن پلان کے مطابق پی ٹی آئی کو کرش کرنے کا ایجنڈا تھا، مرحلہ وار پارٹی کو کرش کرتے ہوئے انتخابی نشان بھی لیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ 10 عمارتیں جلائی گئیں تو 10 ہزار لوگوں کو گرفتار کر لیا گیا، اتنے لوگوں نے 10 عمارتیں تو نہیں جلائیں، 8فروری کو عوام نے ان کو دھوکا دیا اور بتایا کہ وہ ظلم کے نظام کے خلاف کھڑے ہیں اور9 فروری کو لوگوں کا ووٹ چوری کر کے جعلی حکومت بٹھائی گئی۔

علیمہ خان نے کہا کہ قانونی کی حکمرانی کے لیے24 نومبر کے پرامن احتجاج پر گولی چلائی گئی، جب لڑکے شہید اور زخمی ہوئے تو میں وہاں موجود تھی، عمارات سے گولی چلائی گئی، ہم اس کے عینی شاہد ہیں، رات کو اندھیرا کرکے بے گناہ لوگوں کا قتل عام کیا گیا، بہت زیادہ عینی شاہد ہیں جو آنکھوں دیکھا حال بتا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی بہت زیادہ تکلیف میں ہے اب یہ چیزیں نہیں رکیں گی، بانی پی ٹی آئی کا مطالبہ ہے کہ سپریم کورٹ کے تین سینئیر ججوں پر مشتمل جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے اور بے گناہ قیدیوں کو رہا کیا جائے۔

عمران خان کی بہن نے مزید کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی کے مطالبات تسلیم نہیں کیے گئے تو وہ سمندر پار پاکستانیوں سے ترسیلات زر وطن نہ بھیجنے کی اپیل کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سمندر پارپاکستانیوں کی کالز آرہی ہیں کہ آپ اس کا اعلان کیوں نہیں کر رہے ہم اپنی ترسیلات زر روک رہے ہیں لیکن پارٹی کے لوگوں نے بانی پی ٹی آئی سے کہا ہے کہ اس تحریک کا ملک کو نقصان ہوگا اس لیے آپ تھوڑے دن رک جائیں۔

علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ مجھے ملک کی فکر ہے لہٰذا میں تھوڑے دن انتظار کر لیتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے حکومت میرے یہ دو مطالبات پورے کر دے اور انہوں نے مطالبات دے کر اپنے لوگوں کو حکومت کی طرف ہی بھیجا ہوگا، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ اگر میرے دو مطالبات نہیں مانے گئے تو میں بالکل ترسیلات زر روکنے کی کال دوں گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں