سابق ٹیسٹ کرکٹر نے چین کے ہیڈ کوچ کا عہدہ سنبھال لیا

محمد رمضان نے دوسری مرتبہ چین کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داری سنبھالی ہے

(فوٹو: فائل)

سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد رمضان نے دوسری مرتبہ چین کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داری سنبھال لی۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق محمد رمضان نےچین کے شہر ہانگزوہو میں قومی تربیتی کیمپ میں کرکٹرز کی صلاحیتوں اور اہلیت میں نکھار لانے کے لیے اقدامات کا آغاز کردیا۔

کیمپ میں شریک 30 کھلاڑیوں کو کرکٹ کی باریکیوں سے آگاہ کرنے کے بعد ان کی اصلاح کی جارہی ہے۔چینی حکومت نے محمد رمضان کو لاس اینجلز اولمپکس2028 کے لیے چینی کرکٹ ٹیم کی تیاری کا ہدف دیا ہے۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ 123 سال کے بعد کرکٹ کو ایک مرتبہ پھر اولمپکس کا حصہ بنایا گیا ہے۔ ماضی میں صرف ایک دفعہ پیرس اولمپکس1900 میں کرکٹ کا ایک میچ میزبان  فرانس اوربرطانیہ کے درمیان  کھیلا گیا تھا۔

واضح رہے کہ محمد رمضان 2023 میں چین کی قومی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔

 فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے محمد رمضان نے 1997 میں راولپنڈی میں جنوبی افریقا کے خلاف واحد ٹیسٹ میچ میں مجموعی طور پر 36 رنز اسکور کیے تھے۔ فرسٹ کلاس کرکٹ میں 10 ہزار 478 رنز جوڑنے والے محمد رمضان نے  ڈومیسٹک کرکٹ میں مختلف اداروں کی نمائندگی کی۔

Load Next Story